تازہ تر ین

مشہور عالم دین مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے،صدر،وزیراعظم، آرمی چیف کا اظہار افسوس

مشہور عالم دین مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے،صدر،وزیراعظم، آرمی چیف کا اظہار افسوس
جامعہ بنوریہ کے مہتمم اور مشہور عالم دین مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مفتی نعیم ملک کے ممتاز مذہبی اسکالرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کیے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔
مفتی نعیم کے بیٹے مفتی نعمان کا کہنا تھا کہ عالم دین مفتی محمد نعیم چل بسے وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی نعیم کئی روز سے علیل تھے۔ مفتی نعیم کی میت جامعہ بنوریہ منتقل کر دی گئی ہے۔ ان کا نماز جنازہ اتوار کو نماز عصر کے بعد ادا کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق مفتی نعیم کا چند روز قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
یاد رہے کہ مفتی نعیم 1955 میں پیدا ہوئے اور 65 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔
دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی: صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ممتاز عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اور غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا جبکہ مرحوم کے درجات کی بلند کے لیے دعا کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مرحوم مفتی محمد نعیم کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اللہ مرحوم کے اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے: آرمی چیف
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مفتی نعیم کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اللہ مرحوم جوار رحمت میں بلند درجہ عطا فرمائے۔ اللہ مرحوم کے اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
وزیراعظم کا بھی اظہار افسوس
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا ممتاز عالم دین مفتی نعیمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ مرحرم کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور غم ذدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹر پر لکھا کہ مفتی نعیم کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔
خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائینگی: شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ممتاز عالمِ دین مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مفتی محمد نعیم کی رحلت ملک و ملت کے لیے بڑا نقصان ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تبلیغ، ترویج اور اشاعت کے لیے مفتی نعیم کی عظیم خدمات تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ بنوریہ جیسی علمی درسگاہ مفتی محمد نعیم کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔
لیگی صدر نے کہا کہ جامعہ بنوریہ کی صورت میں جدید درسگاہ نے مدارس کے حوالے سے دنیا کی سوچ بدل کر رکھ دی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہزاروں طلبا و طالبات کو دین و دنیا کے علوم سے آراستہ کرنے کی صورت مفتی نعیم کا جلایا چراغ روشنی پھیلاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالی مفتی محمد نعیم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔
پاکستان بڑے عالم دین سے محروم ہوگیا: فضل الرحمن
اُدھر جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن نے بھی مفتی نعیم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین سے محروم ہوگیا۔ مفتی محمد نعیم کی پوری زندگی دینی علوم کی اشاعت اور ترویج میں گزری۔
انہوں نے مزید کہا کہ دعاء ہے کہ اللہ پاک مفتی محمد نعیم کے درجات بلند فرمائے۔ مفتی محمد نعیم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مفتی محمد نعیم صاحب کی رحلت کا سن کر افسوس ہوا: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی اورسینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ مفتی محمد نعیم صاحب کی رحلت کا سن کر دلی افسوس ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہوں نے لکھا کہ لواحقین اور جامعہ بنوریہ کے اساتذہ و طلبہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان سب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی دینی و ملی خدمات قبول فرمائے، مغفرت سے نوازے۔ آمین
مفتی نعیم کی پوری زندگی اسلام کی درس و تدریس میں گزری: گورنر سندھ
دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ مفتی نعیم کی پوری زندگی اسلام کی درس و تدریس میں گزری۔ انہوں نے جامعہ بنوریہ کو عالمی معیار کی درسگاہ بنایا۔ ان کے غیر ملکی طالب علموں کی تعداد بھی ہزاروں میں تھی۔ کمی ایک طویل عرصہ تک پوری نہیں کی جاسکے گی۔
مفتی نعیم باکمال شخصیت کے مالک تھے: وزیراعلیٰ سندھ
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے بھی جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور انکی مغفرت کے لئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مفتی نعیم باکمال شخصیت کے مالک تھے، مفتی نعیم نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv