کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب سے ‘پی ٹی آئی ایم ایف’ بجٹ ہم پر مسلط کیا گیا ہے مہنگائی میں اضافہ ہوگیا، آئندہ ماہ سے پورے ملک میں عوام دشمن عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے کے خلاف مارچ شروع کریں گے۔کراچی کے علاقے لیاری میں لیاری ایکسپریس وے پر اربن فارسٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 50 لاکھ گھروں اور نوکریوں کا وعدہ کیا لیکن ایک بھی گھر نہیں بنا بلکہ تجاوزات کے نام پر گھر گرادیے گئے۔بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام غربت کا شکار ہیں، حکومت عوام کے معاشی حقوق کوچھیننے کی کوشش کررہی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عوام دشمن معاشی پالیسی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاشی پیکیج پر درست طریقے سے بات نہیں کی، پی ٹی آئی نے عوام دشمن آئی ایم ایف پیکیج لیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ بات کریں، عوام کے مفادات کا سودا نہیں ہونا چاہیے۔بلاول نے آئندہ ماہ سے پورے ملک میں آئی ایم ایف معاہدے کے خلاف مارچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف کا ہے، پی ٹی آئی کا نہیں۔اربن فاریسٹ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں زیادہ آلودگی اور مسائل ہوتے ہیں، یہ منصوبہ ملیر ندی کے اطراف میں بھی جلد شروع کیا جائے گا، ہم کم وسائل اور سازشوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے شروع کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے ہرایک شخص پر مہنگائی کا طوفان برپاہے، ہمارے پاس گندم وافر مقدار میں تھی پھر بھی گندم درآمد کی جارہی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر الزام سندھ حکومت پر ڈال دیا جاتاہے، اب کورونا وائرس کا الزام بھی سندھ حکومت پر لاپرواہی کہہ کر ڈال دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کےخلاف سازشیں نئی نہیں ہیں،گندم ہویا شوگر کی قلت الزام سندھ حکومت پرعائد کیا جاتا ہے، صحیح یا غلط آپ حکومت میں آگئے ہیں تو لوگوں کا تو خیال کریں۔