لاہور (ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے فَیس نہیں کیس دیکھنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔اپنے ایک بیان میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارامقصد بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے بھی سراہا ہے۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بتایا کہ گزشتہ 27 مہینوں میں بدعنوان عناصر سے قوم کے 153 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جب کہ 630 ملزمان گرفتار کرنے کے علاوہ بدعنوانی کے تقریباً 600 ریفرنس احتساب عدالتوں میں جمع کرائے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کے اس وقت 25 احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1261ریفرنس زیر سماعت ہیں جب کہ مجموعی طور پر احتساب عدالتوں سے سزا دلوانے کی شرح 70فیصد ہے۔یاد رہے کہ ملک کی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی جانب سے نیب پر حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام لگایا جاتا ہے اور آج بھی مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین نیب سلیکٹڈ وزیراعظم کے آلہ کار ہیں، ان کی جانب سے سیاسی مخالفین کو اغوائ کرایا جا رہا ہے۔