تازہ تر ین

دوسرا ٹی ٹوئنٹی؛ پاکستان کا آسٹریلیا کو 151 رنز کا ہدف

کینبرا: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دے دیا۔

کینبرامیں کھیلے جارہےتین میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کو ترجیح دی، فخرزمان اور بابر اعظم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ پر 22 رنز جوڑے، آؤٹ آف فام فخر زمان کا بلا ایک بار پھر رنز اگلنے میں ناکام رہا اور وہ صرف 2 رنز پر چلتے بنے۔پچھلے میچ کی طرح حارث سہیل اس میچ میں بھی ایک جیسے انداز میں آؤٹ ہوئے، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے وکٹ چھوڑ کر اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر گیند بلے کے اوپری کنارے پر لگنے کے بعد فضا میں چلی گئی اور وہ 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تیسری وکٹ پر کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے 33 رنز کا اضافہ کیا تاہم محمد رضوان 14 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد آصف علی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔70 رنز پر چار کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد بابر اعظم اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 رنز کا اضافہ کیا، اس دوران بابر اعظم نے نصف سنچری بھی اسکور کی لیکن وہ 50 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے رہے۔افتخار احمد نے برق رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیل کر نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ مجموعے کو 150 تک بھی پہنچایا، انہوں نے 34 گیندوں پر 62 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل تھے۔قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 150 رنز بنائے، عماد وسیم 11 رنز اور وہاب ریاض صفر پر پویلین لوٹے۔آسٹریلیا کی جانب سے آگر نے 2، پیٹ کمنٹس اور رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کینبرا کا مانوکا اوول گراؤنڈ پہلی بار انٹرنیشنل ٹی 20میچ کی میزبانی کر رہا ہے۔ دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ٹاس کے موقع پرکپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ  گزشتہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے ، اس بار اچھا پرفارم کرتے ہوئے بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا، بارش سے متاثرہ میچ کو  15 اوورز فی اننگز تک محدودکیا گیاتھا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 115 رنز بنائے اور یوں ڈی ایل میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کے لئے 119 رنز کا ہدف ملا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے 3.1 اوورز میں 41 رنز بٹورے لیکن بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑا اور کافی دیر  تک بارش نہ رکنے کے سبب امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا یوں پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv