اسلام آباد : (ویب ڈیسک)ملک بھر میں ڈینگی بخار سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 31 ہوگئی ہے، جن میں سے 9 مریضوں کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔اس ضمن میں تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے ہیں جس کے مطابق پنجاب میں مریضوں کہ تعداد 3 ہزار 8 سو تک پہنچ گی ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں بھی ڈینگی کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے اور مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔صوبہ سندھ میں 3 ہزار، بلوچستان میں 2 ہزار 7 سو سے زائد مریض ڈینگی کا شکار ہیں جبکہ آزاد کشیمر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 4 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے خطہ پوٹھوہار کو ڈینگی کے لیے خطرناک ترین قراردیا گیا ہے۔اد رہے گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ملک میں ڈینگی کے خطرناک حد تک پھیلاؤ کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع وزارت قومی صحت کے مطابق ڈینگی پھیلاؤ کے بارے میں تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائیں گی جس کے لئے عالمی ادارہ صحت، سی ڈی سی امریکہ اور سری لنکا سے رابطہ کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ عالمی ماہرین چاروں صوبوں خاص طور پر راولپنڈی، اسلام آباد اور آزادکشمیر کے دورہ کے دوران ڈینگی لاروا اور وائرس پر تحقیق کریں گے۔اس ضمن میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈینگی کی عالمی ماہرین سے تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔