تازہ تر ین

گلابی نمک کی تاثیردنیا میں پسند کی جاتی ہے، ریفائن کرکے صنعتی انقلاب لایا جاسکتا ہے: منور انجم ،اداروں کیخلاف افواہیں پھیلنے سے عوام کا اعتماد ختم ہوا تو ملک کیلئے خطرناک ہوگا:زابر سعید ، پاکستانی نمک 70 سال سے پوری دنیا میں فروخت ہورہا ہے:امجد سلیم ، جج ارشد ملک نے پہلے دھمکیوں‘ بلیک میلنگ بارے حکام کو اطلاع کیوں نہیں دی: خالد چوہدری ، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار“ میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چینل ۵ کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار زابر سعید بدر نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک کے معاملے پر عدلیہ سے منسلک اداروں پر بھی سوالیہ نشان اٹھنا شروع ہوگئے ہیں،معاملہ بہت دور تک جائے گا۔ایسی باتیں بھی ہورہی ہیں کہ مقتدر حلقوں کی جانب سے براہ راست ایکشن نہ ہوجائے۔عوام رات میں فیصلے ہوجانے کے متعلق باشعور ہوگئے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ کون فیصلے کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے ویڈیوکے فرانزک آڈٹ کے معاملے پر کہہ دیا ہے کہ ہم معاملے کو سیاسی رنگ دینا نہیں چاہتے ، حالانکہ جج کا سیاسی لوگوں سے ملنا سیاسی ایشو ہے۔ اداروں کے خلاف افواہیں پھیلنے سے عوام کا اعتماد ختم ہوا تو ملک کے لےے بہت خطرناک ہوگا۔ بھارت اگر پاکستانی نمک فروخت کر کے 129ارب کما رہا ہے تو پاکستان کو بھارت کیساتھ معاہدہ پر نظر ثانی کر نی چاہئے۔ کیا پاکستان نے ایسا معاہدہ کیا ہے کہ بھارت کے علاوہ دنیا میں کہیں نمک نہیں بیچ سکتے؟لاہور اور کراچی میں تاجروں کی ہڑتال کامیاب ہوگی۔ تاجر برادری حکومت سے ناراض ہے۔ میزبان تجزیہ کارخالد چوہدری کا کہنا تھا کہ جج ارشد ملک مشکوک کردار لگتے ہیں۔ ارشد ملک نے دھمکیوں ، بلیک میلنگ اور اپنے خلاف دیگر معاملات پر اعلیٰ حکام کو اطلاع تک نہیں دی۔ سینسر شپ کا نقصان یہ ہے کہ حقائق عوام کے پاس نہیں جاتے اور افواہیں جنم لیتی ہیں جو بہت خطرناک ہیں۔ عدلیہ جج ارشد ملک کی ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کروائے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ روزنامہ خبریں نے انکشاف کیا ہے کہ کھیوڑہ کا گلابی سونا دشمن کو 35پیسے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے اور بھارت پاکستانی نمک اسرائیل کو بیچ کر سالانہ 129ارب کما رہا ہے۔ حالانکہ پاکستان گلابی نمک فروخت کر کے ایک سال میں تمام قرضے اتار سکتا ہے۔ پاکستان بننے کے بعد ہی بھار ت کیساتھ نمک کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ دنیا میں سب سے زیادہ گلابی نمک کینیڈا میں پایا جاتا ہے ، پاکستان نمک کی پیداوار میں تیسرے نمبر پر ہے۔ روزنامہ خبریں نے انکشاف کیا ہے کہ خوبصورت لڑکے خواجہ سرا کا روپ دھار کے شہر کی سڑکوں پر بھیک مانگتے اور جسم فروشی کا دھندا کرتے ہیں جس پر حکومت پنجاب نے پابندی لگا دی ہے۔ بھوک اور بے روزگاری کا مسئلہ بھیک پر پابندی لگانے سے حل نہیں ہوگا یہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جسم فروشی دنیا کا قدیم پیشہ ہے۔ کالم نگارامجد سلیم منہاس نے کہا ہے کہ ریاست کا اہم ستون عدلیہ جس طرح سے لرز رہا ہے اسکا انجام اندھوں کو بھی دکھائی دے رہا ہے، دیوار پر لکھے کو پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس ستون کو نقصان پہنچاتو کوئی بھی نہیں بچے گا۔ پاکستانی نمک 70سال سے پوری دنیا میں فروخت ہو رہا ہے ، پاکستان کو صنعتی ویلولائزیشن کی اشد ضرورت ہے۔ اسکی اہم مثال بنگلہ دیش کا شمار کاٹن پیدا نہ کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے لیکن اسکی کاٹن ایکسپورٹ پاکستان کی ٹوٹل ایکسپورٹ سے کہیں زیادہ ہے۔ پاکستانی سیاستدان، اسٹیبلشمنٹ، چھپے اور ظاہر حاکم براہ کرم ملکی وسائل کی بیس کو بڑھانے اور انڈسٹرلائزیشن پر توجہ دیں۔ ہمارا معاشی بحران دنوں میں حل ہوجائے گا۔ سڑکوں پر بھیک مانگنے کا عمل شہر میں حادثوں کا سبب بن رہا ہے۔ پاکستان میں بزنس مین سے نفرت نہیں کرنی چاہئے۔ صنعتی سیکٹر کے لیے تمام سٹیک ہولڈر ز کو اکٹھا کر کے حکومت کو لانگ ٹرم اقدامات کرنے چاہئیں۔ کالم نگارمنور انجم نے کہا کہ حکومت عوام کو صحیح راستہ دکھائے ، کیوں مریم نواز کی جانب سے جاری ویڈیو کے فرانزک آڈٹ کے معاملے پر حکومت اپنے موقف سے ہٹ گئی۔ پاکستان کے گلابی نمک کی تاثیر پوری دنیا میں پسند کی جاتی ہے۔ ایک آمر کے دور میں یہ معاہدہ کیا گیا جسکے تحت پاکستان بھارت کو کوڑیوں کے بھا? نمک بیچتا ہے۔کامرہ کمپلکس میں جدید مشینری بن رہی ہے تو کیا پاکستان نمک ریفائنری نہیں بنا سکتا تھا۔بھارت پاکستانی نمک ریفائن کر کے میڈ ان انڈیا پیکنگ میں 8ڈالر میں فروخت کر رہا ہے۔ پاکستان کی حکومتوں نے توجہ نہیں دی ، بھارت جیسی ریفائنری اگر پاکستان میں لگ جائے تو نمک کی فروخت سے صنعتی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔بھارت کے ہر صوبے میں نمک کی ریفائنری ہے اور یورپ ، امریکا سمیت پوری دنیا میں فروخت کیا جارہا ہے۔ جسم فروشی اور بھیک مانگنے کا دھندامجبور اور شوقین دونوں طبقے کرتے ہیں اور ایسا کرنے کے لیے تھانوں سمیت اعلیٰ حکام تک پیسہ جاتا ہے۔ شوقین اور مجبور میں تفریق کر کے مجبور کی معاشی بحالی کے لیے حکومت اقدامات کرے اور اپنا فرض نبھائے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv