تازہ تر ین

امریکا سعودی عرب کو جوہری ٹیکنالوجی فروخت کرنے کو تیار

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے باربار تنبیہ کرنے کے باوجود سعودی عرب کو جوہری ٹیکنالوجی کی فروخت پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔امریکی ایوان نمائندگان کی ’ اوورسائٹ اور ریفارم کمیٹی‘ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کانگریس اراکین کی رضامندی کے بغیر جوہری ٹیکنالوجی سعودی عرب کو فروخت کر رہے ہیں جب کہ امریکی قوانین جوہری ٹیکنالوجی کی منتقلی یا فروخت پر پابندی عائد کرتی ہے۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ وائٹ ہاﺅس انتظامیہ کے سعودی عرب میں نئے پاور پلانٹ کے قیام کے لیے امریکی جوہری ٹیکنالوجی کو فروخت کرنے کے سبک رفتار اقدام کے ناقابل تردید شواہد ملے ہیں۔ رپورٹ میں سعودی عرب کے جوہری ٹیکنالوجی کی مدد سے جوہری ہتھیار تیار کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس عمل سے مشرق وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی دوڑ شروع ہوجائے گی۔ اس حوالے سے کمیٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کو خط بھی لکھا ہے۔ریفارم کمیٹی نے امریکی جوہری ٹیکنالوجی کی سعودی عرب منتقلی کا ذمہ دار آئی پی 3 کو ٹہراتے ہوئے کہا کہ اس کمپنی نے 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں مدد فراہم کی تھی اور صدارتی منصب پر فائز ہونے کے بعد یہ کمپنی صدر ٹرمپ سے سعودی عرب میں پاور پلانٹ کی تعمیر کی اجازت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔کمیٹی رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر نے رواں ماہ 12 تاریخ کو آئی پی 3 کے عالمی نمائندوں اور امریکی جوہری توانائی کے پروگرام کے اعلیٰ حکام کو سعودی عرب اور اردن میں پاور پلانٹ کے قیام کے لیے صورت حال کا جائزہ لینے بھیجا تھا۔دوسری جانب امریکا کی دونوں سیاسی جماعتوں کے قانون ساز اس بارے میں تشویش کا شکار ہیں کہ اگر متعدد اہم امور پر یقین دہانی کے بغیر ہی ریاض حکومت کو ایسی معلومات فراہم کی گئیں، تو وہ جوہری ہتھیار تیار کر سکتی ہے۔ اس حوالے سے کانگریس کی ایک کمیٹی نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفتیش میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کہیں امریکی انتظامیہ کے چند اہلکاروں نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سلامتی کے حوالے سے تحفظات کو نظرانداز تو نہیں کیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv