تازہ تر ین

نواز شریف کی موجودگی میں ان کے سیکیورٹی گارڈ کا صحافی پر بہیمانہ تشدد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کے سیکیورٹی گارڈ نے صحافی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے خلاف صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے جہاں انہوں نے شہباز شریف سے ملاقات کی جس کے بعد ان کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، رانا ثناءاللہ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، سابق گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا، امیر مقام، پرویز رشید ، احسن اقبال اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ احسن اقبال نے پارٹی رہنماﺅں کو ن لیگ کے تنظیمی امور پر بریفنگ دی جبکہ نیب کے ہاتھوں گرفتار رکن قومی اسمبلی سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے بعد جب نواز شریف واپس روانہ ہوئے تو صحافیوں نے معمول کے طور پر ان کی کوریج کی لیکن اس موقع پر انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جب نواز شریف کے ذاتی محافظ نے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو پکڑ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی گارڈ نے ویڈیو بنانے پر کیمرہ مین کو دھکا دے کر زمین پر گرادیا اور اس کے بعد اس کے جسم پر چھلانگیں لگائیں اور چہرے پر لاتیں ماریں۔موقع پر موجود صحافیوں نے مداخلت کرکے کیمرہ مین کو بچایا اور سیکیورٹی گارڈ کو پکڑلیا۔ صحافیوں نے محافظ کو پولیس کے حوالے کرنے کی کوشش کی لیکن ن لیگ کے دیگر افراد نے اسے بچالیا اور فرار کرادیا۔کیمرا مین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر صحافیوں نے پارلیمنٹ کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کو اندر جانے سے روک دیا۔ صحافیوں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کرکے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے غنڈہ گردی بند کرو اور آزادی صحافت کے حق میں نعرہ بازی کی اور حکومت سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv