اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ میں سود نہیں ہوگا اور ہم پہلے بلاسود بینکاری کو فروغ دیں گے جس کے بعد سود کے خاتمے کی طرف بڑھیں گے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ریاست مدینہ کے لئے کونسل کی سفارشات چاہییں، آج کے اجلاس میں سود کے مسئلے پر غور ہوا اور سود کے خاتمے کے لیے پہلے مرحلے میں بلاسود بینکاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔نورالحق قادری نے کہا کہ وزیراعظم اورحکومت کی خواہش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل سےبھرپورفائدہ اٹھایا جائے، اس ادارے کو ماضی کی طرح غیرفعال ہونے سے بچائیں گے اور حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی تجاویز سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اہم آئینی ادارہ ہے، وزیراعظم عمران خان کونسل کے چیئرمین اور ممبران سے ملاقات کریں گے، ہماری حکومت کونسل سے رہنمائی چاہے گی اور قابل عمل سفارشات پر فوری عمل کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کونسل اجلاس میں وزراءکی شرکت حکومت کی سنجیدگی کا مظہر ہے، نجی سود کے خاتمے کے لیے قانون سازی کا مرحلہ مکمل ہو گیا اور اب قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف سزا بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے مشاورتی ادارے کے طور پر فعال ہونے سے ملک میں مذہبی منافرت اور افرا تفری دور ہوگی۔