تازہ تر ین

ٹرمپ کی ہرزہ سرائی پر امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد، واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ پاکستان مخالف بیانات پر دفتر خارجہ نے امریکی ناظم الامور کو طلب کرکے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی ناظم الامور سفیر پال جونز کے حوالے کیا۔ترجمان کے مطابق مراسلے میں پاکستان کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی صدر کی حالیہ ٹویٹس پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ القاعدہ کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، ان تمام اقدامات کے باوجود اس قسم کے بیانات ناقابل قبول ہیں۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بہت بھاری قیمت ادا کی ہے اور خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہماری کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ القاعدہ کی اعلیٰ قیادت پاکستان کے تعاون کے باعث ہی پکڑی یا ماری گئی اور القاعدہ کی لیڈر شپ کو پکڑنے میں پاکستان کی کاوشوں کو امریکا نے بارہا تسلیم کیا۔ترجمان نے امریکی ناظم الامور کو یہ بھی باور کروایا کہ پاکستان نے افغان جنگ کےلئے اپنے فضائی، زمینی اور سمندری راستے فراہم کیے اور وہ امریکا اور خطے کے دیگر ممالک سے مل کر افغان جنگ کے خاتمے اور مفاہمتی عمل کے لیے کوشاں ہے۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ امریکی بیانات اور الزامات ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے، ہم پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پریز تھا۔پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان)نے اسلام آباد کو جنوبی ایشیا میں واشنگٹن کا اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔پینٹاگان کے ڈائریکٹر پریس آپریشنز کرنل راب میننگ نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔راب میننگ کا مزید کہنا تھا کہ پاک-امریکا فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان کے بھرپور ردعمل پر امریکی حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور امریکہ نے پاکستان سے تحریری طور پر رابطہ کرلیا۔ امریکی سینئر حکام نے پاکستان کے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکی حکام نے وزارت خارجہ کو سفارتی سطح پر رابطہ جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے عندیہ دیا کہ پومپیو کے دورے میں طے کردہ معاملات پر رابطے جاری رکھے جائینگے۔ امریکی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں امریکی حکام کا موقف تھا کہ امریکہ پاکستان کے مزید تعاون کی ضرورت رہے گی۔ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv