تازہ تر ین

پی آئی اے ، اسٹیل ملز کو خریدنے کیلئے کوئی تیار نہیں : اسد عمر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ معاشی صورتحال بہت مشکل ہے تاہم ہم مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ 10، 9 ارب ڈالر سرکاری خزانہ میں نہیں اور ہر ماہ 2 ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں تو اس صورتحال میں معیشت کیسے چلاسکتے ہیں۔ سابق حکومتوں نے بروقت فیصلے نہ کرکے معیشت کو انتہائی نقصان پہنچایا، ہم آئی ایم ایف سمیت تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں، بہتر فیصلے کرینگے، اکتوبر کے وسط تک غیر یقینی کی صورتحال ختم ہوجائے گی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بڑی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں وہاں سے کتنی سرمایہ کاری ہوگی ابھی یہ حتمی طور پر نہیں بتایا جاسکتا۔ گاڑیاں اور بھینسیںبیچ کر ڈیم نہیں بنایا جاسکتا تاہم قوم کو مثبت پیغام تو دیا جاسکتا ہے کہ ان کا پیسہ اللوں تللوں میں نہیں لگایا جا رہا۔ لیگی حکومت نے صرف ایک الیکشن خریدنے کیلئے معیشت کا بھرکس نکال دیا پنجاب حکومت نے آخری ایک سال میں 43 ارب کا خسارہ کیا جبکہ اسی ایک سال میں کے پی حکومت نے 34 ارب کا سرپلس کیا جس کا نتیجہ یہ تھا کہ کے پی میں عوام نے دوتہائی اکثریت سے کامیابی دلائی جبکہ ن لیگ پنجاب سے فارغ ہوگئی۔ ہم نے ابھی تک ایک بھی فیصلہ ایسا نہیں کیا جس سے غریب پر مزید بوجھ پڑھے صرف امیر طبقے پر بوجھ ڈالا ہے۔ ہمارے لیے بھی بڑا آسان تھا کہ ٹیکس لگاتے اور عوام سے پیسہ نکلوا لیتے یا آئی ایم ایف سے مزید قرضہ لے لیتے تاہم ہم مثبت فیصلے کر رہے ہیں۔ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ سرمایہ کاری اور صنعت کو فروغ دیا جائے۔ پیپلزپارٹی نے سٹیل ملز کو برباد کردیا اور تجربہ کار حکومت کے دعویداروں نے تمام تر اختیارات کے باوجود صرف خسارہ کیا۔ صرف بجلی اور گیس کی مد میں 600 ارب روپے کا خسارہ ہوا۔ نجکاری کے خلاف نہیں ہیں تاہم صورتحال یہ ہے کہ سٹیل ملز، پی آئی اے جیسے اداروں کو بھی کوئی خریدنے کو تیار نہیں ہے۔ ہم ان اداروں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرینگے۔ سیاستدان اور بیوروکریٹس ان اداروں کو ٹھیک نہیں کرسکتے۔ اس کیلئے پروفیشنل لوگ لائے جائینگے۔ پوری دنیا میں موجود بہترین پروفیشنل پاکستانی ہمارے پاس آکر کام کرنے کو تیار ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بانڈز کا اجرا مستقل بنیادوں میں کرینگے تاکہ انہیں بھی فائدہ ہو اور ملک کی معیشت بھی مضبوط ہو۔ امریکہ آئی ایم ایف کے فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوسکتا، آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کیا تو اس کیلئے باقائدہ مشاروت کرینگے۔ پچھلی حکومت تو مزدوروں اور بیواﺅں تک کا پیسہ ہڑپ کرگئی، اب ریاست مزدوروں کی براہ راست سہولت دے گی۔ ہماری سب سے بڑی ترجیح برآمدات ہیں جس کیلئے برآمد کنندگان کو یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ ان کیلئے گیس کی قیمت کم کی، بجلی بھی کم قیمت پر مہیا کرینگے۔ ایکسپورٹ انڈسٹری کو پاﺅں پر کھڑا کیے بغیر ہم کشکول تو نہیں توڑ سکتے۔ ایکسپورٹ میں اضافہ ہی ملک کی معیشت کو پاﺅں پر کھڑا کرے گا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv