لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے سات لاکھ گندے انڈے تلف کردیئے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے لاہور اور گردونواح میں جعلی اور ملاوٹ بھری کھانے پینے کی اشیا کےخلاف آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بعض علاقوں سے جعلی دودھ اور بڑی تعداد میں خراب انڈے برآمد کیے گئے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے متعلقہ علاقوں میں کارروائی ویجیلنس سیل کی اطلاع پر کی ہے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ گندے انڈے مختلف بیکریوں اور بسکٹ بنانے والی کمپنیوں کو سپلائی کیے جانے تھے، ملزمان نے یہ انڈے مختلف ہیچریوں اور کولڈ سٹوروں میں اکٹھے کیے ہوئے تھے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ان انڈوں سے بڑے پیمانے پر خشک پاوڈر تیار کیا جانا تھا جیسے بعد میں بڑی اور نامور بسکٹ بنانے والی فیکٹریوں کو فروخت کیا جانا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے انڈے تلف کرنے کی معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ان گندے انڈوں کو ماحولیاتی تحفظ کےلئے سالڈ ویسٹ ڈمپنگ سائٹ پر لا کر تلف کیا گیا ہے تا کہ شہر میں تعفن نہ پھیلے۔کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے بتایا کہ ویجیلنس کی ٹیمیں پورے پنجاب میں متحرک ہیں، ملاوٹ مافیا صوبے کے کسی کونے میں بھی چھپ نہیں سکتا، ٹیمیں پوری قوت سے کام کر رہی ہیں اس کے علاوہ میں خود بھی صوبے بھر میں لاوٹ کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔تلف کئے گئے انڈوں کی بڑی تعداد گزشتہ روز بورے والا روڈ اور چیچہ وطنی سے قبضہ میں لی گئی تھی۔