تازہ تر ین

لاہور میں ریکارڈ بارش ہوئی ڈیم بنا کر مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے : توصیف احمد خان ، دنیا بھر میں بارشیں ہوتی ہیں اور پانی بھر جاتا ہے صرف لاہور ہی پر ایسا نہیں ہو ا : ضمیر آفاقی ، جو لوگ لاہور کو پیرس بنانے کی مثالیں دیتے تھے انکی آنکھیں کھل جانی چاہئیں : امجد وڑائچ ، کہا جا رہا ہے نواز شریف کو گرفتار کر لیا جائےگا : علی جاوید نقوی، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار “ میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) کالم نگارامجد وڑائچ نے کہا کہ جو لو گ لاہورکو پیرس بنانے کی مثالیں دیتے تھے آج ان کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔اگر سیوریج کا سسٹم ٹھیک ہوتا تو سڑکیں اور گلیاں سیلاب نہ بنتیں۔ چینل فائیو کے پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا شہبازشریف دس سال بارشوں کے دوران تک لانگ بوٹ پہن کر عوام کو بے وقوف بناتے رہے۔دعوے کرنے کے بجائے کہہ دینا چاہئے تھا ہم بارش کے بعد پانی کا مسئلہ حل نہیں کر سکتے۔دیکھنا یہ ہے اگر نواز شریف کو جیل ہوتی ہے تو ان کو اس کا فائدہ 2023کے الیکشن میں ہو گا۔ضمیر آفاقی نے کہا ہے کہ تقریبا 250ملی لیٹر بارش ہوئی ہے پوری دنیا میں بارشیں ہوتی ہیں اور سڑکوں پر پانی بھر جاتا ہے صرف لاہور میں ایسا نہیں ہوا۔کسی کو اتنی تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔شہریوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہئے۔گلیوں اور گٹروں میں کوڑا کرکٹ پھینک دیا جاتا ہے جو سیوریج سسٹم میں پھنس جاتا ہے پلاسٹک بیگز بند ہونے چاہئیں۔حکومت کو بھی نئے ڈیمز کی جانب توجہ دینا چاہئے۔اگر ن لیگ الیکشن کا بائیکاٹ کی سوچ رکھتی ہے تو یہ اس کے لئے نقصان دہ ہے۔ایم کیوایم بھی ایک مرتبہ بائیکاٹ کر کے اس کا خمیازہ بھگت چکی ہے۔کالم نگارتوصیف احمد خان نے کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں میں لاہور میں ہونے والی یہ سب سے زیادہ بارش ہے یعنی ریکارڈ بارش ہے۔ڈیم بنا کر مسئلے کو حل کیا جا سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ ہر معاملے میں حکومت کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ادارے بھی ذمہ دار ہوتے ہیں۔ہمیں ہر معاملہ عدالتوں میں لے جانے کا بھی بہت شوق ہے۔شہباز شریف نے الیکشن کے بائیکاٹ کی خبروں کی تردید کی ہے ۔شہباز شریف کہتے ہیں پشاور کو میٹرو کے نام پر ادھیڑ دیا گیا ہے جس کے باعث پشاور کے شہریوں کو بہت تکلیف ہے۔جنوبی پنجاب ن لیگ کے خلاف ہو چکا لیکن وہی جنوبی پنجاب الیکشن کے بعد عمران خان کے گلے پڑ جائے گا عمران خان جنوبی پنجاب کا صوبہ نہیں بنا سکتے۔ کالم نگار علی جاوید نقوی نے کہا کہ لاہور میں کئی جگہوں پر کشتیاں بھی چلتی رہیں۔یہ پانی جو ضائع گیا اتنا قیمتی ہے کہ اس کی قیمت کروڑوں میں ہے ہم نے ڈیم بنائے ہوتے تو اس بارش کے پانی کو زحمت کے بجائے رحمت بنایا جا سکتا تھا۔لاہور کی بارش کا سیاسی نقصان بہرحال ن لیگ کو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ واپس آنے یا نہ آنے کا فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے۔ کہا جا رہا ہے نواز شریف کو گرفتار کر لیا جائے گا۔میرے خیال میں اب مقدر کا سکندر عمران خان ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv