تازہ تر ین

بیگم کلثوم نواز غیر معینہ مدت کیلئے وینٹی لیٹر پر رہیں گی

لندن (صباح نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹرز کے مشورہ کے بعد فوری طور پر وطن واپسی موخر کردی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو کینسر کے علاج کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے پر لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ان کی اہلیہ کی صحت بدستور خراب ہے اور ڈاکٹروں نے انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو بیگم کلثوم نواز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا جس کے بعد ان کی واپسی ڈاکٹرز کے مشورے سے ہوگی۔نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اس وقت ہمارے خاندان کو کچھ بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ان کی صحت یابی کے حوالے سے حتمی تاریخ نہیں دے سکتے تاہم ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کلثوم نواز کی صحت نہتر ہوگی تو انھیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا جائے گا۔ نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابو اور میں نے امی کو بہت آوازیں دیں مگر وہ کوئی جواب نہیں دیتیں، دل کرتا ہے امی آنکھیں کھولیں اور بات کریں، والدہ کی طبیعت تاحال تشویشناک ہے اور فی الحال ڈاکٹرز ان کی صحت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ رہے۔ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالی دعائیں سنتاہے اور قوم میری امی کے لئے دعا کرے جب کہ بلاول کا کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا اور پھول بھجوانے پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، اللہ بلاول بھٹوزرداری کی والدہ کے درجات بلند کرے۔پنجاب کے سابق وزیراعلی شہباز شریف بھی کلثوم نواز کی عیادت کےلئے لندن میں موجود ہیں جبکہ حسن اور حسین نواز کے علاوہ اسما نواز بھی اپنی والدہ کے ساتھ موجود ہیں۔تاہم نواز شریف اور مریم نواز نیب عدالت میں جاری مقدمات میں پیشی کے باعث پاکستان میں تھے اور عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران وہ عیادت کے لیے لندن چلے گئے تھے اور پیشی سے قبل ان کی واپسی کا ارادہ تھا۔ میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز ہوش میں نہیں ہیں لیکن ڈاکٹرز پوری کوشش کر رہے ہیں اور انشا اللہ ان کی طبیعت بہتر ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری کے حوالے سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے نواز شریف کو اپنی اہلیہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز نے فی الحال وطن واپسی موخر کردی ہے۔اب سابق وزیراعظم اور مریم نواز کی پاکستان واپسی بیگم کلثوم نواز کی صحت سے مشروط ہوگی،،جس کی وجہ سے دونوں 19 جون کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کے وکیل عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست دیں گے جبکہ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ اور ڈاکٹرز کا خط بھی درخواست کےساتھ جمع کرایا جائے گا۔بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے فی الحال انہیں لائف سپورٹ مشین سے نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کلثوم نواز کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے ڈاکٹرز کلثوم نواز کی حالت کی مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں اور نواز شریف اور مریم نواز کو ابھی لندن میں رکنا چاہیے۔ دوسری جانب کلثوم نواز کی عیادت کے لیے سیاسی رہنماوں اور اہم شخصیات کی اسپتال آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی آئی کے وفد نے بھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی، پھول پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز غیر معینہ مدت کیلئے وینٹی لیٹر پہ رہیں گی، میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے، دعا کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ والدہ کلثوم نواز وینٹی لیٹر پہ غیر معینہ مدت کیلئے رہیں گے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، ان کی صحت یابی کیلئے دعا کریں



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv