تازہ تر ین

قبرستان کی بجائے ہر گھر کے باہر قبر

آندھرا پردیش (خصوصی رپورٹ) جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کے کنرنول ضلع میں واقع ایاکونڈا ایک ایسا گاﺅں ہے جہاں ہر گھر کے ساتھ یا سامنے قبر ہے۔ ایاکونڈا کرنول ضلع ہیڈکوارٹر سے 66 کلو میٹر کے فاصلے پر گونے گنڈل تحصلی میں ایک پہاڑی پر آباد ہے۔ مالاداسری برادری کے کل 150 خاندانوں والے اس گاﺅں کے لوگ اپنے عزیزواقارب کی موت کے بعد ان کی لاش کو گھر کے سامنے دفن کرتے ہیں کیونکہ یہاں کوئی قبرستان نہیں ہے۔ اس گاﺅں میں ہر گھر کے سامنے ایک یا دو قبریں دیکھی جا سکتی ہیں۔ گاﺅں کی خواتین اور بچوں کو اپنے روزمرہ کے کاموں کے لیے ان قبروں سے ہو کر گزرنا ہوتا ہے۔ اگر خواتین ان سے ہو کر پانی لینے جاتی ہیں تو بچے ان کے گرد کھیلتے ہیں۔ گاﺅں والوں کا کہنا ہے کہ یہ قبریں ان کے اجداد کی ہیں جن کی وہ روزانہ پوجا کرتے ہیں، ان پر نذرانے چڑھاتے ہیں اور اپنے مخصوص رسم و رواج کی پابندی کرتے ہیں۔ گھر کے افراد گھر میں پکنے والا کھانا اس وقت تک نہیں چھوتے جب تک انہیں پہلے قبر پر نذر نہیں کیا جاتا۔ اس گاﺅں میں ہر گھر کے سامنے ایک یا دو قبریں ضرور ہیں۔ اس رواج کے بارے میں گاﺅں کے سرپنچ شرینواسول نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا‘روحانی پیشوا نلاریڈی اور ان کے شاگرد مالا دشاری چنتا منی سوامی نے گاﺅں کی ترقی کے لیے اپنی پوری طاقت اور دولت لگا دی تھی۔ ان کے کاموں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے گاﺅں کے لوگوں نے ان کے اعزاز میں یہاں ایک مندر قائم کیا اور ان کی پوجا کرنے لگے۔ اسی طرح اپنے خاندان کے بزرگوں کے اعزاز میں یہ لوگ اپنے گھر کے باہر ان کی قبریں بناتے ہیں۔ ان کے یہاں کا یہ رواج محض کھانے نذر کرنے اور پوجا کرنے تک محدود نہیں بلکہ جب وہ کوئی نئی چیز خریدتے ہیں تو بھی وہ سب سے پہلے اس کو ان قبروں کے سامنے رکھتے ہیں اور اس کے بعد ہی اس کا استعمال کرتے ہیں۔ اس گاﺅں میں کچھ دوسرے رسم و رواج بھی ہیں۔ مثال کے طور پر یہاں کے لوگ اپنے گاﺅں سے باہر شادی نہیں کرتے اور یہ لوگ چارپائی پر بھی نہیں سوتے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv