تازہ تر ین

شامی فوج کی غوطہ کی پر کیمیائی ہتھیاروں کی بارش

رمشق (خصوصی رپورٹ) شامی فوج نے ممنوعہ کےمیائی ہتھیاروں کی بارش کر کے 7 برس بعد غوطہ کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ جیش الاسلام نامی گروپ نے روس سے معاہدہ کر کے یہ علاقہ خالی کر دیا تھا‘ تا ہم اس کے باوجود بشار الاسد کے ہیلی کاپٹروں نے نہتے شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کی بارش جاری رکھی۔ جس سے 200 سے زائد افراد شہید ہوگئے۔ شہدا میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ ممنوعہ ہتھیار استعمال کرنے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذمہ داروں کو سخت جواب دینے کی بھی دھمکی دی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غوطہ کے مشرقی لاقے دوما سے جنگجوﺅں کے انخلا کے بعد اسٹرٹیجک اہمیت کا یہ علاقہ مکمل طور پر سرکاری فوج کے قبضے میں آگیا‘ جس پر وہ جشن منانے میں مصروف ہے۔ جبکہ اس پر قابض جیش الاسلام نامی گروپ کے مسلح کارکن اپنے اہل خانہ سمیت بسوں میں سوار ہو کر جرابلس روانہ ہو گئے ۔ انہوں نے اپنا اسلحہ شامی فوج کے حوالے کر دیا۔ جنگجوﺅں نے علاقہ شامی فوج کے حوالے کرنا تھا‘ لیکن شامی فوج نے ایک روز پہلے ہی دو ما پر ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ شامی فضائیہ نے دو ما پر زہریلی گیس سے بھرے بیرل بم برسائے۔ ان بمبوں کے پھٹنے سے ایک طرف تو کلورین گیس خارج ہو تی ہے تو دوسری جانب اس سے نکلنے والا کیمیائی مواد فضا کی آکسیجن جذب کر لیتا ہے۔ کئی متاثرین نے بتایا کہ پھیپڑے حلق تک آتے محسوس ہوتے ہیں۔ اس کارروائی میں اعصابی کیمیکل اور کلورین گیس کا استعمال کیا گیا ہے۔ اعصابی ایجنٹ ایک کیمیائی مواد ہے‘ جو مہلک کیمیائی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ان کیڑے مار دواﺅں کے مماثل ہوتا ہے‘ جو آرگینک فاسفیٹ سے تیار کی جاتی ہیں۔ تا ہم اعصابی ایجنٹ انسانی جسم سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔ اس کی مختلف قسموں میں سٹرین‘ ٹیبن اور وی ایکس گیس شامل ہیں۔ اعصابی ایجنٹ سے متاثر ہونے کی علامات میں سانس لینے میں دشواری کھانسی‘ آنکھوں میں درد‘ بہت زیادہ پسینہ آنا‘ نکسیر پھوٹنا‘ تھوک کا زیادہ آنا‘ بے ہوشی‘ قے اور اسہال شامل ہے۔ کلورین گیس ہوا سے زیادہ کثیف ہو تی ہے۔ اس کی بو نہایت شدید ہوتی ہے اور یہ تیزی سے اثر دکھاتی ہے۔ یہ ایک زہریلا مادہ ہے اور بطور ہتھیار استعمال کے سوا باقی صورتوں میں ممنوعہ نہیں ہے۔ ایک اجلاس کی درخواست امریکا اور دوسرے کی روس کی جانب سے دی گئی۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئے ہیں‘ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں کیمیائی حملے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دو ما میں شہریوں پر کیمیائی حملہ کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا ہو گی۔ اتوار کو روس کی طرف سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل کے پندرہ رکن ممالک کے اجلاس میں ”عالمی امن و سلامتی کو درپیش خطرات“ کا موضوع چنا گیا‘ حالانکہ فوری طور پر اس موضوع کے انتخاب کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ۔ روس کی دوخواست کے ایک منٹ بعد امریکا‘ فرانس‘ برطانیہ‘ پولینڈ‘ ہالینڈ‘ سویڈن‘ کویت اور پیرو کی جانب سے بھی شام میں کیمیائی حملے پر غور کے لئے سلامتی کونسل کے اجلاس کا مطالبہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلے نے ایک بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ شام کے حوالے سے متفقہ مﺅقف اختیار کرتے ہوئے طبی عملے کے رضا کاروں کو متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کا اہتمام کرے ۔ اس کے ساتھ سلامتی کونسل شام میں کیمیائی حملے کے سنگین جرم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرے۔ یورپی یونین نے بھی بین الاقوامی برادری کی جانب سے فوری ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔ وائٹ ہسیلمٹس نامی امدادی کارکنوں کی ایک تنظیم نے ایک ویڈیو نشر کی ہے‘ جس میں جاں بحق ہونے والے بچوں سمیت متعدد افراد کی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان میں سے کئی کے منہ جھاگ سے بھرے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا اس صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ روز اسرائیلی طیاروں نے وسطی شام میں تدمر کے فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کر دیا ۔ شامیوں کا خیال تھا کہ دوما پر کیمیائی حملے کے جواب میں امریکہ نے یہ حملہ کیا ہے‘ لیکن روس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود سے شامی فضائیہ کے اڈوں پر میزائل برسائے ہیں۔ جس سے 4 ایرانیوں سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ شامی آبزرویٹری کے مطابق دوما کے علاوہ شام کے مختلف علاقوں میں بھی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز دمشق میں بھی ایک بچے سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے۔ حلب می بم پھٹنے سے 3 بچوں سمیت 9 افراد موت سے ہمکنار ہوئے۔ الباب میں 8‘ حماہ میں 2‘ حمص میں بمباری سے 3 اور درعا میں بھی 3 افراد ہلاک ہو ئے۔ درعا میں ہاون میزائل برسائے گئے‘ تا ہم ہلاکتوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv