سرگودھا (نیااخبار رپورٹ) وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے کہا کہ سجادہ نشین پیر حمیدالدین سیالوی کے رانا ثناء کے استعفیٰ کے مطالبہ پر ان کی مکمل تائید کرتا ہوں۔ پیر امین الحسنات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیال پیر خانے سے جب بھی حکم ہوا تو مستعفی ہونے میں دیر نہیں ہو گی۔ تحفظ ختم نبوت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں۔ امید رکھتا ہوں کہ معاملات افہام و تفہم سے حل کرلئے جائیں گے۔ سجادہ نشین سیال شریف میرے پیر بادشاہ ہیں‘ میں ان کا غلام ہوں۔حکومت میں شامل لوگوں سے کوتاہیاں ہوتی رہتی ہیں اسے درست کرنا بھی ہمارا ہی کام ہے۔ دوسری جانب 9 جنوری کو لاہور میں ختم نبوت ملین مارچ کیلئے پیر حمید الدین سیالوی نے گدی نشینوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ سرگودھا (سیال شریف)سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔ پیر حمید الدین سیالوی نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کے استعفے تک عاشقان رسول کا سمندر لاہور میں رہے گا اور مزید ارکان اسمبلی کے استعفے بھی لاہور میں پیش کئے جائیں گے۔