دبئی(ویب ڈیسک)  آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کو محدود کرنے کا نیا طریقہ’’دریافت‘‘ کر لیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو محدود کیے جانے کے مختلف طریقے کافی عرصے سے زیر غور ہیں،ان کو اب نئے فیوچر ٹور پروگرام میں عملی جامہ پہنایا جارہا ہے، 2019 سے 2023 کے کیلنڈر میں شیڈول 81 میں سے 41 سیریز صرف 2میچز پر ہی مشتمل ہوں گی۔ جس سے شائقین کو اب اہم اور سنسنی خیز سیریز کے جلد ختم ہونے اور تیسرا میچ نہ ہونے کی وجہ سے سیریز کے ڈرا ہونے کیلیے تیار رہنا ہوگا۔ پانچ برس دورانیہ کے موجودہ ایف ٹی پی میں مجموعی طور پر 31 دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ہیں، ان میں سے مئی 2019 تک 10 باقی رہ گئی ہیں۔نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی2 ٹیسٹ میچز کے فارمیٹ پر مشتمل ہوگی، جس میں چار برس میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ لیگ کے دو دورانیوں کے دوران 57 ٹیسٹ سیریز میں 2، 2 میچز ہی کھیلے جائینگے، چونکہ مجموعی طور پر 4 سالہ ایف ٹی پی میں 81 سیریز ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے باہر 24 سیریز کھیلی جائیں گی،اس میں زیادہ تر افغانستان، آئرلینڈاور زمبابوے کی ٹیموں سے مقابلے ہوں گے۔