اسلام آباد(ویب ڈیسک)حلقہ این اے 120سے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے باوجود حلف نہ اٹھاپانے پر پاکستان تحریک انصاف نے بیگم کلثوم نواز کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر کو شکست خوردہ پارٹی تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی طرف سے لکھے گئے خط میں موقف اپنایاگیا کہ ”27ستمبر کو الیکشن کمیشن نے کلثوم نواز کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور یہ قانونی ضرورت ہے کہ جیتنے والا امیدوار قومی اسمبلی میں حلف بھی اٹھائے ، کلثوم نواز کی جیت کے بعد سے اب تک قومی اسمبلی کے تین جوائنٹ سیشن ہوچکے ہیں جبکہ چوتھا صدر مملکت نے طلب کررکھاہے ، کلثوم نوازحلف نہ اٹھا کر قانونی ضرورت پوری نہیں کرسکی اور حلقہ 120کے عوام نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان نے سوال اٹھایا ہے کہ الیکشن میں جیت کے بعد کتنے عرصے تک ایک امیدوار کی حلف برداری موخر کی جاسکتی ہے؟یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عام انتخابات میں جیت کے بعد خود تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لفٹر سے گر کر ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کی وجہ سے ایک ماہ بعد حلف اٹھایا تھا۔