تازہ تر ین
zia shahid

ضیاشاہد کی چودھری نثار سے ملاقات، قومی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر) 16 اکتوبر کو پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں خبریں کے چیف ایڈیٹر ضیاشاہد نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی سے تفصیلی ملاقات کی اور قومی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خبریں اور چینل ۵ کے تجزیہ کار اور کالم نگار محمد مکرم خان بھی موجود تھے۔ چودھری نثار علی خان نے گفتگو کے آخر میں یقین دلایا کہ میری تمام تر وفاداریاں کسی شخص یا پارٹی سے کہیں زیادہ اپنے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے ساتھ ہیں۔ میں نے زندگی کا طویل حصہ مسلم لیگ ن میں گزارہ اور ہر مرحلے پر پارٹی قیادت کو مثبت مشورے دئیے۔ میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں نے اپنی پارٹی اور لیڈرشپ سے وفاداری نبھائی لیکن میری اصل کمٹمنٹ اللہ کی خوشنودی کے بعد ملک و قوم کے مفادات کی ترجمانی ہے اور جب تک میری زندگی قائم ہے میں ملک و ملت کی بہتری اور سربلندی کےلئے کام کرتا رہوں گا۔ متعدد سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک تفصیلی ملاقات آپ سے اور ہو گی۔ جس میں آپ سے موجودہ مسائل کے علاوہ مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے کیونکہ میں نے زندگی بھر آپ کی قومی سوچ اور عوامی احساسات کی قدر کی ہے۔ آپ سیلف میڈ صحافی اور ملک و ملت کا درد رکھنے والے دانشور ہیں اور میں مشکل سے مشکل دور میں آپ کو حق اور سچ کی بات کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ پارٹیاں اور لیڈر قابل احترام ہوتے ہیں لیکن ملک و قوم کی اہمیت ان سے بہت اوپر ہے۔ میرے لئے دعا کریں اور مجھے ہر مرحلے پر اپنے مشورے سے نوازیں۔ ضیاشاہد نے انہیں اپنی چاروں تازہ کتابیں پیش کیں۔ ”باتیں سیاستدانوں کی“ کے اوراک الٹتے ہوئے چودھری نثار نے کہا آپ نے ایک عرصہ ہماری پارٹی اور اس کی قیادت کی خدمت کی، کتاب میں اس کا تذکرہ کیوں نہیں۔ ضیاشاہد نے کہا کہ آپ کو یاد ہو گا کہ میری پہلی ملاقات مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف صاحب سے جنرل غلام جیلانی نے اس وقت کروائی جب وہ پنجاب کے گورنر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اتفاق کے مالک میاں شریف کے صاحبزادے محمد نواز شریف کو ہم سیاست میں لانا چاہتے ہیں۔ نوائے وقت سے بات ہو چکی کیونکہ مجید نظامی صاحب سے میاں شریف کے دوستانہ تعلقات ہیں روزنامہ جنگ کی طرف سے آپ ذمہ داری لیں۔ ضیاشاہد نے بتایا کہ پہلے دن کی ملاقات سے آخری ملاقات تک جو گزشتہ دنوں نااہلی کے بعد پنجاب ہاﺅس کے اسی کمرے میں ہوئی تھی۔ نواز شریف کے بارے میں دلچسپ یادداشتیں لکھنا شروع کر دیں۔ برس ہا برس سے بیشمار تذکرے آئندہ کتاب میں آئیں گے جسے لکھنا شروع کر دیا ہے۔ چودھری نثار علی خان کے سوال پر ضیاشاہد نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کتاب کا نام ”نواز شریف …. مجھے کیوں نکالا“ رکھیں۔ کتاب چھپی تو آپ کو ضرور بھیجوں گا۔

 



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv