کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان ملک کا امیر ترین صوبہ ہوگا۔انہوں نے یہ بات ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال کے افتتاح کے موقع پر کہی، انہوں نے کہا کہ چند سالوں کی بات ہے بلوچستان کےمسائل مکمل طور پر حل ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 15 ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان کے ہر علاقےمیں گیس پہنچائی جائے گی، ہمارا فرض ہے کہ ماضی کی کوتاہیاں دور کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ بگٹی کیلیے پینے کے پانی اور گیس کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں 10 کروڑ روپےکی لاگت سے اسپتال اور 11 کروڑ روپے کی لاگت سے ریسکیو سینٹر قائم کیا جائےگا۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے اتفاق تو نہیں مگر اس کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات آپ کےسامنے ہیں، ملک میں جب انتشار ہوتا ہے تو ترقی کا عمل رک جاتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چار سالوں میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک بھر میں موٹر وے کا جال بچھایا، ملک میں اب گیس اور بجلی کی صورتحال بہت بہتر ہے، پانی کے مسائل کے حل کیلیے ایک علیحدہ وزارت قائم کی گئی ہے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں پانی کے 200 ارب روپے کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔کچھی کینال منصوبہ 15سال قبل شروع کیا گیا تھا، اس پر مجموعی طور پر80 ارب روپےکی لاگت آئی جب کہ منصوبے سے تقریباً 72ہزار ایکڑاراضی سیراب ہوگی۔مقامی انتظامیہ نے وزیراعظم کے دورے کے باعث ضلع میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔