تازہ تر ین
shahbaz

دنیا بھر میں پاکستان کے پُر امن ہونے کا پیغام پہنچ گیا

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاہے کہ ورلڈ الیون کے کی پاکستان آمد کھیل کے میدان میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے جس سے پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی راہ ہموار ہوگی اور امید ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔انہوںنے کہاکہ اقوام عالم میں پاکستان کے ایک پرامن ملک ہونے کا پیغام جائے گا اور پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے مابین میچوں کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں جو عالمی معیار کے ہیں اور مجھے امید ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے اور شائقین کرکٹ بھی ان میچوں کے مقابلوں سے صحیح معنوں میں محظوظ ہوں گے۔ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں شعبہ صحت سے وابستہ برطانیہ میں مقیم ماہرین اور کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے شعبہ صحت میں اصلاحات، سرمایہ کاری اور طبی سہولتوں کی بہتری کے امور پر بات چیت کی گئی۔ برطانیہ میں مقیم ہیلتھ پروفیشنلز، ماہرین اور ہیلتھ سیکٹر کے سرمایہ کاروں نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت کی جنیٹوریل سروسز کی آﺅٹ سورسنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی پالیسی اور اصلاحات کی ستائش کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں، ماہرین صحت اور برطانوی کمپنیوں کو پنجاب میں شعبہ صحت میں تعاون اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ سیکٹر میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور شعبہ صحت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں۔ طبی سہولتوں کی بہتری میرا مشن ہے اور اس ضمن میں ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں ہیلتھ کیئر روڈ شو کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے اور برطانوی ہیلتھ کیئر کی کمپنیوںکے سینئر نمائندوں، سرمایہ کاروں اور طبی ماہرین کی روڈ شو میں بڑی تعداد میں شرکت حوصلہ افزا ہے۔ روڈ شو کے انعقاد سے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے سودمند سفارشات سامنے آئی ہیں۔ روڈشو کے شرکاءنے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں معاونت اور سرمایہ کاری کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے راولپنڈی کے قریب چکری انٹرچینج پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ محنت اور قابلیت کے ذریعے پوزیشن حاصل کرنےوالے طلبہ و طالبات نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیاہے اور یہ ہونہار بچے ہمارے ہیرو ہیں، جنہوں نے اپنی صلاحیتوں ،قابلیت اورذہانت کے بل بوتے پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں اور ان بچوں اوربچیوں کی محنت گواہی دے رہی ہے کہ اگر محنت سے کام کیا جائے تو کوئی مشکل، مشکل نہیں رہتی اور میرا ایمان ہے کہ محنت کے ذریعے معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل کیا جاسکتاہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوزیشن حاصل کر نےوالے طلبا و طالبات درخشاں ستارے ہیں، پوری قوم کو ان پر فخر ہے اور بلاشبہ قوم کے اس تابناک مستقبل نے اپنی انتھک محنت اور لگن سے یہ مقام حاصل کیا ہے اور بعض طلبا و طالبات نے کم وسائل کے باوجود اپنے عزم، حوصلے اور محنت کے باعث یہ مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ گھرانوں کے بچوں اور بچیوں کا مشکل حالات میں پوزیشنیں حاصل کرنا لائق تحسین ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv