اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب عمران خان کو توہین عدالت نوٹس کے معاملہ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اگرتوہین عدالت کا نوٹس بھیجا ہے تو فریق کو چاہیئے کہ معافی مانگے۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے الیکشن کمیشن کی جانب عمران خان کو توہین عدالت نوٹس سے متعلق اپیل کی سماعت کی اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ توہین عدالت کا نوٹس غیر قانونی اور غیر آئینی ہے،توہین عدالت کا نوٹس صرف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے اختیار میں ہے الیکشن کمیشن کے پاس نہیں ہے ، لہذا عدالت الیکشن کمیشن کے دس اگست کے حکم نامے کو کالعدم قرار دے ۔جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کو کیسے توہین کی کارروائی کا اختیار نہیں ہے قانون بتائیں ، آپ صرف آئین کے مطابق عدالت کو مطمئن کریں ، اگر الیکشن کمیشن نے کسی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا ہے تو فریق کو چاہیئے کہ معافی مانگے ، بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔