کراچی(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کی ویڈیو افشا ہوگئی جس میں وہ شریف خاندان کا احتساب کرنے والوں اور ان کے بچوں پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کی 28 مئی کو کی گئی ایک تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو میں نہال ہاشمی خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں تم جس کا احتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹا ہے۔ ہم نواز شریف کے کارکن ہیں۔ جنہوں نے حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں کان کھول کر سن لو، ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے، تم آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہوجاو¿ گے۔ ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لئے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔ احتساب لینے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے۔ تم پاکستان کے باضمیر باکردار نواز شریف کا زندہ رہنا تنگ کررہے ہو، پاکستانی قوم تمہیں تنگ کردے گی۔