اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 28مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک نا قابل فراموش دن ہے،اس دن ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیاگیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیاکے نقشے پر نمودار ہوا،یومِ تکبیر جہاں پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت ہے وہاں پاکستان کے دشمنوں اور بد خواہوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا۔یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغا م میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج سے انیس سال پہلے جب مسلم لیگ کی منتخب حکومت نے یہ فیصلہ کیا تو اسے طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا تھا۔ایک طرف اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور دوسری طرف اس اقدام کو ناقابلِ معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔مسلم لیگ کی قیادت نے اللہ تعالی کے بھروسے اور عوام کی تائید کے بل بو تے پر ان چیلنجوں کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کاعلم سر بلند رکھا۔اس موقع پرقوم ان تمام شخصیات کی بھی شکر گزار ہے جنہوں نے مختلف مراحل پر جرات کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ یومِ تکبیر اس بات کاا علان ہے کہ قومیں استقلال اور وژن کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں۔قوموں کی قیادت اگر غیر سنجیدہ،بصیرت سے عاری اورقومی مفاد سے بے خبر ہو تو ان کا مستقبل خدشات میں گھر جاتا ہے۔اگر قیادت جرات مند،دور اندیش اوربہادر ہو تو اس کے نتیجے میں عوام میں اعتماد پیدا ہوتا ہے اوروہ زینہ بزینہ ترقی کی منازل طے کرتی جاتی ہے۔ہم نے انیس سال پہلے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا تھا،آج اسی جذبے اور وژن کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو بھی مضبوط اور مستحکم بنایا جا رہا ہے۔آج کے دور میں کسی قوم کا دفاع اس کے معاشی استحکام سے جدا نہیں ہے۔ اللہ تعالی کی نصرت اور پاکستان کے عوام کی تائید کے ساتھ یہ سفر بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔