تازہ تر ین
parliment

ارکان اسمبلی …. گھر بیٹھے تنخواہیں ، مراعات لینے کا انکشاف

کراچی (خصوصی رپورٹ)سندھ اسمبلی کے 9ارکان اجلاس میں شریک ہوئے بغیر سرکاری مراعات حاصل کررہے ہیں، 4ارکان کی بغیر اطلاع غیر حاضری کے 40دن کا کوٹہ بھی پورا ہوچکا ہے، 5ارکان پارٹی تبدیل کرنے کے باوجود مستعفی ہوئے اور نہ ہی اجلاس میں شریک ہوتے ہیں تاہم ماہانہ معاوضہ ان کے اکاﺅنٹ میں جارہا ہے۔ یہ ارکان میڈیکل الاﺅنس کے علاوہ 6لاکھ سے 27لاکھ روپے تک گھر بیٹھے معاوضہ حاصل کرچکے ہیں۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق 9ارکان کئی ماہ سے اجلاس میں شریک ہوئے بغیر مراعات سے مستفید ہورہے ہیں جن میں سیداویس مظفر، سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹرارباب غلا رحیم، عادل صدیقی، محمد دلاور، شیخ عبداللہ ، سید حفیظ الدین، احتزاخلیل فاروقی، بلقیس مختیار اور ارم عظیم فاروقی شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سید اویس مظفر(جو آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی بھی ہیں) سوا دوسال سے ملک سے باہر ہیں اور انکی چھٹی کی درخواستیں مسلسل منظور ہورہی ہیں اور 28ماہ سے اجلاس میں شریک ہوئے بغیر قومی خزانے سے 27لاکھ روپے حاصل کرچکے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم تقریباً ایک سال سے اسمبلی میں نہیں آئے، اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چار سال میں وہ 6سے 7بار اجلاس میں شریک ہوئے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے عادل صدیقی تقریباً ایک سال سے ملک سے باہر ہیں علالت کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوتے ہیں ان کی چھٹی کی درخواست ضرور آتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک سرزمین پارٹی میںشامل ہونیوالے ایم کیو ایم پاکستان کے 4منحرف ارکان بلقیس مختیار ، محمد دلاور شیخ، عبداللہ، ارم عظیم فاروق اورتحریک انصاف کے سید حفیظ الدین کے مصدقہ استعفے اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول نہیں ہوئے اور ان کے بغیر اطلاع کے اجلاس سے غیر حاضر رہنے کی زیادہ سے زیادہ 40دن کی مدت بھی گزرچکی ہے۔ مذکورہ تمام ارکان ماہانہ 83ہزار روپے اور میڈیکل الاﺅنس و دیگر سہولیات حاصل کررہے ہیں۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv