تازہ تر ین
modi

مودی سرکار شور کرنے کی بجائے پاکستان میں دہشتگردی بند کرے….

اسلام آباد (آئی این پی )مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلزپارٹی،جماعت اسلامی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن کو سزا سے عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا،پھانسی سے ریاست کو تقسیم کرنے والوں کو پیغام جائے گا،فیصلے سے دشمن عناصر کو سخت پیغام جائے گا،کلبھوشن پاکستان میں ہزاروں لوگوں کی موت کا سبب بنا،بھارت اس طرح کی حرکتیں نہ کرے،کلبھوشن ریاست کے خلاف جرم کرتے ہوئے پکڑا گیا،کلبھوشن کو قانون کے مطابق سزا سنائی گئی۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة سمیت ملک بھر کی مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کوسزائے موت سنائے جانے کا خیر مقد م کیا اور کہا ہے کہ بی جے پی سرکار اس فیصلہ پر شور مچانے کی بجائے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے۔ کلبھوشن کو پھانسی دینے سے پاکستان دشمنوں کو واضح پیغام جائے گا۔ حکومت پاکستان کو اس سلسلہ میں کسی قسم کے بیرونی دباﺅ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ کلبھوشن کو فی الفور پھانسی دینی چاہیے اور انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل و جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں،اجمل خاں وزیر، پیر سید ہارون علی گیلانی،علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری اور مولانا امیر حمزہ نے کلبھوشن کو پھانسی کی سزا سنائے جانے کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے مستقبل اور دفاع کے لئے پوری قوم کلبھوشن سے متعلق فیصلے پر ایک ہے۔ کلبھوشن ایک فرد نہیں ایک آرگنائزیشن ہے۔ کلبھوشن کے اعترافی بیان سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے،بھارتی جاسوس کو سزائے موت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں امیر جماعت نے کہا کہ کلبھوشن کی سزائے موت بھارت اور ان تمام طاقتوں کےلئے واضح وارننگ ہے جو پاکستان کے اندر تخریب کاری کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کو محفوظ بنانے کے حوالے سے پوری قوم اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔ اپنے ملک کو محفوظ بنانا ہر ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو بھارتی ایجنٹ اور پاکستان کا دشمن ہے۔ دشمن کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ کلبھوشن کو سزائے موت کے فیصلے کے حق میں ہیں۔ کلبھوشن یادیو بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ ہے اسے پاکستان میں تخریبی کارروائیں کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ فوجی عدالت سے کلبھوشن کو سزائے موت کی سزا کا فیصلہ انتہائی احسن اقدام ہے جس کی ہم مکمل طور پر حق میں ہیں کیونکہ دشمن کسی رعایت اور معافی کے مستحق نہیں ہوتے بلکہ ان کو عبرت ناک انجام تک پہنچانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کا مہینہ انتہائی اہمیت کا ہامل ہے اس مہینے میں بھارتی جاسوس اور ملک دسمن کو سزائے موت کا فیصلہ سامنا آیا جس نے دشمن کا سر شرم سے جھکا دیا اور پاکستانیوں کے دل ٹھنڈے کر دیئے۔ شیخ رشید نے کہا دنیا میں یہ پہلا واقع نہیں ہے بلکہ تمام خود مختار ملک جاسوسوں کے ساتھ یہی سلوک کرتے ہیں بھارت اور کلبھوشن بلوچستان کراچی اور ملک میں دہشتگردی کررہے تھے عسکری قوت نے اپنا کام کردیا لیکن حکومت خاموش ہے وہ شاید دکھی ہے مسلم لیگ ضیاءکے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت کی طرف سے خاموشی معنی خیز ہے، غداری اور جاسوسی کا یہی انجام ہوتا ہے، انصاف کے سارے تقاضے پورے کئے گئے آئندہ کسی بھی جاسوس کو جرات نہیںہوگی کہ وہ پاکستان میں آکر ایسا کرے انجام کو یاد رکھے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازش کرانے والے ”را“ کے ایجنٹس کسی رحم کے حقدار نہیں، کلبھوشن کو سزائے موت سے دشمن عناصر و دہشت گردوں کو سخت پیغام ملے گا۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ کوئی ملک کسی کو قانون تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ مولوی فضل اللہ افغانستان میں بیٹھ کر کارروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کبھی کسی بھارتی یاغیر ملکی کے خلاف انتقامی جذبے سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی، کلبھوشن یادیو ہندوستان فوج کا حاضر سروس افسر تھا جس کے خلاف فوجی قوانین کے تحت مقدمہ چلا اور فیصلہ ہوا، انہوںنے کہا کہ خطے میں تباہی مچانے کیلئے وہ آیا اور پکڑا گیا تو اسے قانون کے مطابق ہی سزا ہونا چاہئے، بھارت کو چاہئے کہ وہ آئندہ پاکستان کے اندر مداخلت نہ کرے، قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین اویس لغاری نے کہا کہ کلبھوشن بھارتی نیوی کا افسر اور را کا جاسوس تھا اور اس کی گرفتاری بھی انہیں الزامات کے تحت ہوئی اور مقدمہ چلایا گیا، بھارت اس سے کیسے انکار کرسکتا ہے، جب کلبھوشن خود اپنے جرائم کا اعتراف کرچکا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کی سینیٹر ستارہ امتیاز نے کہا کہ پارلیمنٹ نے عدالتوں کو اختیار دیا ہے جس کے تحت کلبھوشن کو دہشتگردی کی سزا سنائی گئی ہے، انہوںنے کہا کہ دہشتگرد کوئی بھی ہواسے قانون کے تحت سزا ملنی چاہئے اور کلبھوشن یادیو اپنے جرائم کا اعتراف کرچکا ہے،سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ پوری دنیا میں غیرملکی جاسوسوں کے پکڑے جانے پر انہیں سزائے موت دی جاتی ہے کلبھوشن کی سزا ایک احسن اقدام ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارت ایسی حرکتیں کرتا رہا ہے، میاں عتیق الرحمنٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ پوری دنیا کے سامنے مثال ہے کہ ایک حاضر سروس بھارتی فوجی افسر اور جاسوس رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور اسے سزا بھی دی جارہی ہے، ایم کیو ایم کی رہنما رکن قومی اسمبلی فوزیہ حمید نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو سزا ملنا خوش آئند ہے،ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv