راولپنڈی(ویب ڈیسک ) فاٹا کی ایجنسی جنوبی وزیرستان کی سرحد کے ساتھ واقع علاقے جندولہ میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سجنا گروپ سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد محمود الحسن اپنے ساتھی سمیت مارا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جندولہ کے قریب سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران ہائی ویلیو دہشت گرد محمودالحسن عرف خواجہ مدنی مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق محمودالحسن کا تعلق ٹی ٹی پی سجنا گروپ سے تھا، جس کا ساتھی بھی ہلاک ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔دوسری جانب فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) بلوچستان نے تلی اور سبی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ، اینٹی ٹینک اور بارودی سرنگوں سمیت 10 کلو سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔یاد رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں دہشت گردی کی حالیہ لہر میں 100 افراد کے ہلاک اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کے بعد پاک فوج نے گذشتہ ماہ 22 فروری کو ملک گیر ا?پریشن ’رد الفساد‘ کا آغاز کیا تھا۔نئے فوجی آپریشن کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔اس نئے آپریشن کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا اور بارودی مواد کو قبضے میں لینا ہے، جبکہ اس کا ایک مقصد ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا بھی ہے۔