لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب کے دل لاہور میں تیزترین اور سستی سفری سہولتیں دینے کا خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا ایک اور وعدہ پورا‘ سپیڈ بس نظام کا آج سے آغاز ہو گیا۔ سٹاپ پر 10منٹ میں بس پہنچے گی۔ 25روپے میں مسافر روٹس پر تین بار سفر کر سکے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب سپیڈ کے نام سے لاہور کے 14 نئے روٹس پر 200 بسیں چلائی گئی ہیں۔ ان بسوں میں ہر 500 میٹر پر بس سٹاپ جبکہ ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا گیا۔ چینی کمپنی یو ٹانگ کی 28 سیٹر بسیں بڑے روٹس پر جبکہ چھوٹی بسیں رش والے روٹس پر چلیں گی، پنجاب سپیڈ بس لنک نیٹ ورک کو میٹرو اور اورنج لائن سے ملحقہ فیڈر روٹس سے بھی ملایا گیا ہے۔ ان بسوں نے پریکٹس کیلئے لاہور کی مصروف شاہراہوں پر چلنا شروع کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں بسوں کیلئے ایف آر 1 سے ایف آر 14 تک نئے روٹ متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان روٹس میں ریلوے سٹیشن سے بھاٹی چوک، سمن آباد موڑ سے بھاٹی چوک، ریلوے سٹیشن سے شاہدرہ، لاری اڈا، آر اے بازار سے چونگی امر سدھو براستہ والٹن، شادباغ انڈر پاس سے بھاٹی چوک، بابو صابو سے راج گڑھ چوک، باگڑیاں سے چونگی امر سدھو، ڈاکٹر ہسپتال سے کینال ، ریلوے سٹیشن سے شام نگر، ملتان چونگی سے قرطبہ چوک، بابو صابو سے مین مارکیٹ گلبرگ، آر اے بازار سے سول سیکرٹریٹ ، باگڑیاں سے کلمہ چوک، آر اے بازار سے چونگی امر سدھو براستہ ڈیفنس اور شاہدرہ سے گجومتہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ان بسوں میں میٹرو بس سٹیشن، فیڈر روٹ بس سٹاپ، فیڈر روٹ ٹرانسفر سٹیشن، میٹرو بس ٹرانسفر سٹیشن، ریلوے سٹیشن اور لاہور ایئرپورٹ سٹاپس کو باہم لنک کیا گیا ہے۔ مسافر کو ایک پری پیڈ سمارٹ کارڈ بھی جاری‘ جس میں 25 روپے میں مسافر فیڈر روٹس پر تین مرتبہ سفر کر سکے گا۔ یہ سمارٹ کارڈ بس کے اندر لگی ہوئی ڈیوائس کے ساتھ ٹچ کرنے سے خود کار نظام کے تحت رقم وصول ہوگی۔ اس حوالے سے میٹروبس اتھارٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ ان بسوں میں بہت سے جدید فیچرز شامل کئے گئے ہیں۔ مسافروں کی سکیورٹی کیلئے جدید کیمروں اور ٹریکرسسٹم بھی لگایا گیا ہے۔