اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پرامن بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کی رشین فیڈریشن اور تاتارستان سمیت اس کے مسلم علاقہ کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے جس سے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں اہم پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔ وہ جمہوریہ تاتارستان کے صدر رستم منیکھانوف سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے جنہوں نے اتوار کو ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور روس کے درمیان خطہ میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مثبت کردار اور ہر شعبہ میں مضبوط شراکت داری کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔ تاتارستان کے صدر اور ان کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ باہمی دیرینہ تعلقات اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پرامن بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تاتارستان کے صدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر بہترین میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تاتارستان کے کاروباری وفد کی لاہور میں ثمرآور ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے بزنس مینوں پر مشتمل جوائنٹ بزنس فورم باہمی تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ، حلال فوڈ، سیمنٹ کی پیداوار، آٹو موٹو انڈسٹری، فارماسیوٹیکلز، ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ وفد میں ڈپٹی وزیراعظم البرٹ کریموف، پاکستان میں رشین فیڈریشن کے سفیر الیگزے ڈیڈوف، تاتارستان انویسٹمنٹ ڈویلپمنٹ ایجنسی کی چیف ایگزیکٹو طالیہ منولینا اور ڈپٹی ڈائریکٹر خارجہ امور مارٹ گیٹن بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی، وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد اور دفتر خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ظہیر جنجوعہ بھی موجود تھے۔ دریں اثنا وزیراعظم نوازشریف نے امیر قطر کے والد شیخ حمدبن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرنہ تعلقات ہیں‘دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کے لئے تعلقات کو مزید مستحکم بھی کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔