تازہ تر ین

سپر لیگ کا کامیاب فائنل, وزیراعظم کابڑا اعلان

سپر لیگ کا کامیاب فائنل….اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج دنیا پر ثابت کردیا کہ تنہائی کے دن ختم ہوگئے ہیں جبکہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستانی میدانوں کو آباد کرنے کی جانب پہلا قدم ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر وزیراعظم نوازشریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران ہم مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں، تمام مشکلات، خوف اور تقسیم کے باوجود ہم آگے بڑھے ہیں، ہم نے قومی توقعات کے مطابق ساز گار ماحول پیدا کیا جبکہ آج دنیا پر ثابت کر دیا کہ تنہائی کے دن ختم ہو گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے۔ پی ایس ایل فائنل کے پاکستان میں انعقاد سے ہم مزید مضبوط اورمتحد ہوئے ہیں، پی ایس ایل کا فائنل مستقبل کے لئے نیک شگون ہے اور خوشی ہے کہ مو¿ثر اقدامات سے عوام کو پسندیدہ کھیل دیکھنے کا موقع ملا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم قوم کی خواہشات کے مطابق آج ماحول بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں کیونکہ کرکٹ کا کھیل ہم سب کے دلوں کے بہت قریب ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کا پی ایس ایل کے فائنل میچ کے موقع پرقوم کو پیغام دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ہم نے دنیا پر اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ تنہائی کے دن ختم ہو گئے ہیں۔ میں خوش ہوں کہ عوام کو ان کا پسندیدہ کھیل دیکھنے کیلئے خوشی اور سازگار ماحول دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام خدشات، خوف، تقسیم کے برخلاف ہم گزشتہ 4سال کے دوران مضبوط، محفوظ اور مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ فائنل میچ کے لاہور میں کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاک فوج، رینجرز ،پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کی جیت اور امن کے دشمنوں کی شکست ہوئی ہے۔ ایونٹ کی کامیابی سے یہ پیغام گیا ہے کہ دہشت گردوں کی مذموئم کارروائیاں پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ دہشت گردوں پرواضح ہو گیا ہے کہ بہادر قوم کا عزم خوف سے زیادہ مضبوط ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آج یہاں ایک بیان میں کہاہے کہ محب وطن پاکستانیوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ میچ میں عوام کے جوش وخروش سے واضح ہوگیا ہے کہ دشمن امن پسند قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتا۔ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد نے غم میں ڈوبی ہوئی قوم کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے انعقاد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے راہیں کھلی ہیں۔ امید ہے کہ اب پاکستان میں برسوں سے ویران پڑے سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ جتنا بڑا ایونٹ تھا اتنے ہی بڑے انتظامات کئے گئے تھے۔ شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں۔ کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو فائنل میچ سے پرامن ماحول میں لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔ شائقین کرکٹ کوسٹیڈیم تک لانے اورمیچ کے اختتام پر سٹیڈیم سے لے جانے کےلئے فری شٹل سروس کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سکیورٹی دی گئی۔ سکیورٹی اداروں نے پوری طرح چوکس رہتے ہوئے شائقین کرکٹ کو پرامن اور بے خوف ماحول میں میچ دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد کو ممکن بناکر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ انہوں نے کہاکہ قومی وحدت کو مضبوط بنانے کے لئے بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبا وطالبات کو فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔ دیگر صوبوں کے طلبا وطالبات نے میرے خصوصی مہمان کی حیثیت سے حکومت پنجاب کے انکلوژر میں بیٹھ کر میچ کا لطف اٹھایا۔ حکومت پنجاب کا یہ اقدام قومی یکجہتی ، بھائی چارے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سٹیڈیم کو بھرا ہوا دیکھ کر میرا دل فخر سے بھر گیا۔ لاہوریوں سمیت تمام پاکستانیوں نے خوف کو شکست دے دی پاکستانی بہادر قوم ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے یہ پیغام مائیکرو پلاننگ ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ شہباز شریف میچ دیکھنے کے بعد واپس چلے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے سکیورٹی حکام کو ہدایات جاری کیں کہ تمام شائقین کرکٹ کے جانے تک سکیورٹی فول پروف رہے اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ دیکھنا یادگار لمحہ ہے۔ کوئٹہ اور پشاور کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بہت خوشی ہوئی قوم نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ فائنل میچ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم وضبط قابل تعریف ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر پشاور زلمی کے کپتان اور کھلاڑیوں کو مبارکباددی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پشاور زلمی کی ٹیم کے نام تہنیتی پیغام میں کہاکہ پشاور کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی ہے۔ فائنل میں پشاور کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فائنل ایک یادگار میچ کی حیثیت کے طو رپر یاد رکھا جائے گا۔ میں کھلاڑیوں کے ساتھ قوم کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے فائنل کو کامیاب کرایا۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv