نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی ممالک میں خواتین کا مغربی پہناوا اکثر موضوع بحث رہتا ہے اور قدامت پسند حلقے اس پر شدید تنقید کرتے آ رہے ہیں۔ اب بھارت کے ایک پروفیسر نے خواتین کے جینز پہننے کے متعلق ایسی بات کہہ دی ہے کہ ملک بھر میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا کے شہر کلاڈے میں واقع شری شنکر کالج کے پروفیسر ڈاکٹر رجنیتھ کمار نے لائیو ٹی وی شو میں کہا ہے کہ ”جو خواتین جینز کی پینٹ پہنتی ہیں وہ خواجہ سراﺅں کو جنم دیتی ہیں۔“ یہی نہیں بلکہ ڈاکٹر رجنیتھ کے مطابق ایسی خواتین کے ہاں پیدا ہونے والے بچے خودفکری (Autism)کی بیماری میں بھی مبتلا ہو تے ہیں۔