اسلام آباد: قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات21 اپریل کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ ضمنی انتخابات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے لیے 62 لاکھ 30 ہزار سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 174 امیدوارجبکہ خیبر پختوںخواہ سے مجموعی طور پر 49 امیدوارالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
پنجاب میں 21لاکھ 77ہزار 187مرد اور 18لاکھ 67ہزار 365 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔خیبر پختونخواہ سے ضمنی انتخابات میں 14لاکھ 71 ہزار سے ووٹرز اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے 663مردانہ 649زنانہ اور 1289مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے۔ خیبر پختونخواہ سے مجموعی طور پر 892 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 196 کے ضمنی انتخاب کیلئے 4 لاکھ 23 ہزار 981 ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ این اے 196 میں 5 امیدوار مد مقابل ہیں۔ سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے 933 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ بلوچستان کے حلقوں میں انتخابات کیلئے 125 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 63 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنرز دفاتر میں کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنر پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل آج مکمل کر دیا جائے گا۔