تازہ تر ین

پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر امریکی انٹیلیجنس کا کانگریس میں بڑا اعتراف

امریکی انٹیلیجنس نے تسلیم کیا ہے کہ غیر معمولی معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام کو برقرار رکھنے میں قابلِ ذکر حد تک کامیاب رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی اب بھی بھارت ہی کے گرد گھومتی ہے۔

پیر کو چین سے متعلق ایک سماعت کے دوران ڈیفینس انٹیلیجنس ایجنسی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز نے کانگریس کو بتایا کہ پاکستان نے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں عالمی برادری (بشمول سلامتی کونسل) کی حمایت نمایاں حد تک حاصل کرلی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام کو جدت سے ہم کنار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔ سماعت کے دوران ڈیفینس انٹیلیجنس ایجنسی کے ڈائریکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کے تعلقات میں کشیدگی کے باوجود فروری 2021 سے اب تک لائن آف کنٹرول کی صورتِ حال قابو میں رہی ہے۔

روزنامہ ٹائمز آف انڈیا نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ اسٹاکہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2023 تک پاکستان کے پاس 170 ایٹمی ہتھیار تھے۔

معاشی مشکلات سے نمٹنے میں چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی مدد کی ہے۔ پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب آئی ایم ایف سے نئے پیکیج پر گفت و شنید کے لیے اس وقت واشنگٹن میں ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے ایٹمی اثاثوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کے موثر تحفظ کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا معیار بھی بلند کرتا رہا ہے۔ انہوں نے اکتوبر میں پاکستان میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی کامیابی کا ذکر بھی کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل جیفری کروز نے بتایا کہ گزشتہ برس دہشت گردوں کے حملوں میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے 400 سے زائد افسران اور سپاہی جاں بحق ہوئے جو 9 سال میں بلند ترین تعداد ہے۔ ایک سال کے دوران کم و بیش روزانہ ہی دہشت گردوں سے سیکیورٹی فورسز کا سامنا ہوتا رہا ہے۔

2019 میں مودی سرکار نے جب بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا تو پاکستان نے اس فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارت سے سفارتی تعلقات کی سطح گِرادی اور سفارتی عملے کا معتدبہ حصہ واپس بلالیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv