تازہ تر ین

صدر زرداری کو ہاکی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی، شہلا رضا

 اسلام آباد:  پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر سیدہ شہلا رضا کا کہنا ہے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ہاکی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

پارلیمنٹ لاجز میں نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے امور فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے رولز کے مطابق چلائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے جامع پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایچ ایف کی کانگرس قانونی اہمیت کی حامل ہے اورکانگرس کے قانون کے تحت پاکستان ہاکی فیڈریشن کو موثر انداز میں چلایاجارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متوازی فیڈیشن بنانے سے کھلاڑیوں کا مستقبل تاریک ہوگا، کھلاڑی ہیں تو فیڈریشن کا وجود قائم ہے، چند مفاد پرستوں کا ٹولہ ہاکی کے کھیل میں سیاست کو لے آیا ہے۔ کل جو لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے آج اقتدار کی لالچ میں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوگئے ہیں، ان کو اپنی اصلیت کا معلوم ہوا ہے۔

شہلا رضا نے کہا کہ آج بھی ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف نے مجھے بطور صدر اور حیدرحسین کو جنرل سیکرٹری تسلیم کیا ہوا ہے، رواں برس قومی سطح کے اہم ایونٹس کا انعقادکیا جائے گا جس میں فیڈریشن کے ساتھ الحاق شدہ ٹیمیں شرکت کریں گی، طارق بگٹی کو نگراں وزیراعظم نے تعینات کیا تھا اب فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلد ایک وفد صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گا اور اس وفد میں سابق اولمپینز اور دیگر ہاکی کے اولمپینز شامل ہوں گے، بطور خاتون صدر بننے پر ایف آئی ایچ نے مکمل سپورٹ کرنے کا یقین دلایا۔ ازلان شاہ ا نٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم پاکستان کی نمائندگی کرے گی اس ضمن میں این او سی موصول ہوگیا ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv