تازہ تر ین

عمران خان کو نماز عید سے روکنے کے بیان پر عارف علوی کو سعد رفیق کا جواب

سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو نمازِ عید کی اجازت نہیں دی گئی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’عمران خان صاحب پر عید کی نماز پر پابندی نے انگریزوں کی یاد تازہ کردی‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اسیر مالٹا شیخُ الہند حضرت مولانا محمود الحسن صاحب جدوجہد آزادی ہندوستان کے عظیم قائد تھے۔ ان کو تحریک ریشمی رومال پر ہندوستان پر قابض انگریز حکمرانوں نے 1916 میں جلا وطنی کی سزا دی اور بحیرہ روم میں جزیرہ مالٹا کے جیل میں قید کردیا‘۔

عارف علوی کے مطابق ’وہ (مولانا محمود الحسن) چار سال قید میں رہے اور اس دوران عید کی نماز کی اجازت بھی نہیں دی جاتی تھی۔ کیونکہ یہ جابر حکمران مسلمانان ہندوستان کی قیادت کا قلع قمع کرنا چاہتے تھے اس لیے ان کی جذبہ حُب الوطنی کو کمزور کرنے کے مختلف حربوں میں سے ایک یہ بھی تھا کہ جُمعہ اور عید کی نماز پر بھی پابندی رکھی جائے‘۔

سابق صدر کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجی سعد رفیق نے طنزیہ لکھا ’نئیں علوی صاحب اینج نہیں، دور جانے کی ضرورت نہیں، کل کی بات ہے، عید کی نماز پر پابندی نے آپ کے اپنے عہد ِ حکمرانی کی یاد ہی تازہ کی ہے‘۔

سعد رفیق نے لکھا کہ ’آپ کے عہدِ صدارت اور آپ کے کپتان کے عہدِ وزارت عظمٰی میں میاں صاحبان اور میرے سمیت تمام سیاسی اسیران میں کسی کو بھی دوران قید نمازِ عید کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ جیل میں تمام قیدیوں اور حوالاتیوں کیلئے نماز عید کا بندوبست ہوتا ہے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’یہ عمل کل بھی غلط تھا آج بھی درست نہیں، البتہ ہم میں سے کسی کو عیدین پر اپنے اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت کبھی حاصل نہ تھی جو خوش قسمتی سے آپ کے کپتان صاحب کو دی گئی ہے‘۔

آخر میں سعد رفیق نے لکھا ’تحریر لکھ دی ہے تاکہ ریکارڈ درست رہے‘۔

خیال رہے کہ ایک طرف سابق صدر عارف علوی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ عمران خان کو عید کی نماز کی اجازت نہیں دی گئی تو دوسری جانب میڈیا پر اس حوالے سے متعدد رپورٹس موجود ہیں جن میں کہا گیا ہے عمران خان نے ناصرف اڈیالہ جیل کی جامع مسجد میں عید کی نماز پڑھی، بلکہ شاہ محمود قریشی کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد بھی دی۔

رپورٹ کے مطابق اس موقع پر جیل افسران نے بھی عمران خان کے ساتھ ہی نماز ادا کی، بانی پی ٹی آئی پہلی صف میں موجود تھے، اس موقع پر اڈیالہ جیل میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv