تازہ تر ین

آرمی چیف کا شمالی وزیرستان، میرانشاہ، اسپن وام کا دورہ، جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا

 پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا میں شمالی وزیرستان، میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا اور عید جوانوں کے ساتھ گزاری اور ان کی خدمات کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع شمالی وزیرستان، میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا اور عید منانے میں فوجیوں کے ساتھ شامل ہوئے۔

آرمی چیف نے عید کی نماز سے آغاز کرتے ہوئے، پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوش حالی کے لیے دعائیں مانگیں اور قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل لگن اور خدمات کو سراہتے ہوئے فوجیوں کو عیدالفطر کی دلی مبارک باد پیش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی کی صورت حال پر ایک جامع بریفنگ دی گئی اور بریفننگ میں پاک-افغان سرحد کے ساتھ حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ امن اور استحکام کے فروغ کے لیےگراں قدر خدمات سرانجام دیں، امن اور استحکام ہمارے شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہیں، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول  فراہم کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ملکی ترقی پر دہشت گردی کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور انہوں نے قربانیوں اور محنت سے حاصل کیے  گئے امن کی حفاظت کے لیے اجتماعی ضرورت پر زور دیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص مقامی آبادی پر زور دیا کہ وہ خطے کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے مخالف عناصر کے خلاف چوکس رہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں، قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv