لاہور: کمزور کیویز کا شکار کرنے کیلیے پاکستان نے ترکش میں تیر سجالیے جب کہ ہوم ٹی 20سیریز کیلیے 17رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
نیوزی لینڈ سے ہوم ٹی 20سیریز کیلیے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا،انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمد عامر اور عماد وسیم کا کم بیک ہوگیا، عامر نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی طرف سے ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا تھا، پیسر نے 50 مختصر فارمیٹ کے میچز میں 59 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گذشتہ سال نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی20میچ میں کی تھی، رواں سال پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انھوں نے پشاور زلمی کے خلاف ناقابل شکست ففٹی اور ملتان سلطانز سے فائنل میں 5 وکٹ سمیت اہم میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عماد وسیم66 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 486 رنز بنانے کے ساتھ 65 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ڈیبیو کے منتظر عثمان خان اور عرفان خان نیازی کو پہلی بار منتخب کرلیا گیا، 28 سالہ عثمان اس سے قبل یواے ای میں کھیلتے رہے ہیں، وہ گذشتہ 2 سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کی بدولت سلیکٹرز کی نظروں میں آئے، گذشتہ سال انھوں نے ملتان سلطانز کی طرف سے ایونٹ کی تیز ترین سنچری صرف 36گیندوں پر بنائی تھی، رواں برس عثمان نے 2سنچریوں اور اتنی ہی ففٹیز سمیت 430 رنز اسکور کیے۔
پاکستان ٹیم کو جوائن کرنے پر یواے ای نے ان پر 5 سال کی پابندی بھی لگائی ہے، 21سالہ عرفان نیازی نے پریذیڈنٹ ٹرافی میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے کھیلتے ہوئے 6 اننگز میں 455 رنز اسکور کیے، وہ رواں سال پی ایس ایل میں بہترین فیلڈر اور ایمرجنگ کرکٹر قرار پائے تھے، عرفان 2020 اور 2022 میں انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے۔
انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں حارث رئوف گھر میں بیٹھ کر میچز دیکھیں گے، محمد نواز کو ڈراپ کردیا گیا، کندھے کے آپریشن کی وجہ سے ستمبر 2023کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے نسیم شاہ کی واپسی ہوگئی، پی ایس ایل میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود فخرزمان کو برقرار رکھا گیا۔