تازہ تر ین

ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے، بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کریں گے، تمام صوبوں میں دانش اسکولوں کا جال بچھائیں گے، تمام قومی وسائل غریب طلبا کے قدموں میں نچھاور کریں گے، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ہم نے طلبہ کے ہاتھوں میں کلاشنکوف نہیں، لیپ ٹاپ دیے۔

اسلام آباد میں دانش اسکول سائٹ کے معائنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیرتعلیم، وزراء، چانسلرز اور طلبا کو سلام، میرے لیے آج بہت خوشی کا دن ہے، نوازشریف کی قیادت میں دانش اسکول کا پنجاب میں جال بچھایا، ہزاروں بچے دانش اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں، دانش اسکول یتیم بچوں کا سہارابنا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کہ ہزاروں بچوں اور بچیوں کے والدین کے پاس تعلیم کے لیے وسائل نہیں تھے، آج ان ہی دانش سکول کے چشم و چراغ دنیا میں اپنی قابلیت کا اثر قائم کررہے ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے، جب دانش اسکول بنارہے تھے تو ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا، دانش اسکول کے طلبا دنیا بھر میں اپنا اثر قائم کررہے ہیں، دانش اسکول کے بچے کھیلوں کے میدان میں بھی شاندار ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تنقید کے نشتر کا سامنا کرنا پڑا کہ شہبازشریف یہ کیوں بنارہا ہے، میں نےکہا جب امراء کے لیے ایچی سن کالج بن سکتے ہیں، تو غریب اوریتیم بچوں کے لیے درسگاہیں کیوں نہیں بناسکتے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اسکول بنائیں گے، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے، ہم نے طلبہ کے ہاتھوں میں کلاشنکوف نہیں، لیپ ٹاپ دیے، تمام صوبوں میں اسکولوں کا جال بچھائیں گے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv