کراچی: اے ڈی پورٹس گروپ نے کراچی بندرگاہ کی ترقی کے لیے کراچی گیٹ وے کنٹینر ٹرمینل میں 220ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا پلان ترتیب دیدیا۔کراچی گیٹ وے ٹرمینل کے کمرشل ہیڈ راحیل مونس نے کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس “سیج” کے عہدیدار واراکین کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر تقریب میں غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی پورٹس گروپ نے کراچی بندرگاہ کی ترقی کے لیے کراچی گیٹ وے کنٹینر ٹرمینل میں 220ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا پلان ترتیب دیدیا، منصوبے کے تحت کراچی گیٹ وے کنٹینر ٹرمینل کو کثیرالمقاصد بنانے کی غرض سے اضافی 175ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ اے ڈی پورٹس گروپ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان جون 2023 میں ایسٹ وہارف پر کنٹینر ٹرمینل کے لیے 50سالہ رعایتی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ یہ معاہدہ ایسٹ وہارف پر بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل کے لیے 25سالہ رعایتی معاہدے کے بعد کیا گیا ہے۔کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ خطے میں ایک اسٹریٹجک میری ٹائم حب کے طور پر کراچی بندرگاہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے، گیٹ وے ٹرمینل میں مجوزہ سرمایہ کاری سے عالمی تجارت کے لیے کراچی کی بندرگاہ کی صلاحیت پر اعتماد مزید بڑھے گا، اے ڈی پورٹس گروپ اور کے پی ٹی کے درمیان یہ اسٹریٹجک اتحاد نہ صرف کراچی بلکہ پورے خطے کے لیے معاشی ترقی اور تجارت کو وسیع کرنے کے مواقع پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔