ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سرکاری ملازمین کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عیدالفطر پر سرکاری ملازمین کے لیے 8 اپریل بروز پیر سے 14 اپریل بروز اتوار تک پورے ایک ہفتے کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
تعلیمی ادارے بھی 15 اپریل سے کھلیں گے تاہم پرائیوٹ سیکٹر میں عید کی چھٹیوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا اور ممکنہ طور انھیں بھی 7 روز کی چھٹیاں دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی طرح متحدہ عرب امارات میں بھی اس سال عید 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔ سعودی عرب میں ایک ہفتہ قبل ہی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا تھا۔
سعودی عرب کے سرکاری اور نجی شعبے میں عید الفطر کی تعطیلات 8 اپریل بروز پیر سے 11 اپریل بروز جمعرات تک 4 روز کی ہوں گی تاہم جمعہ اور ہفتہ کی معمول کی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے کُل 6 دن کی چھٹی ملے گی۔