تازہ تر ین

فلم ‘نو انٹری 2’ میں کاسٹ نہ کرنے پر انیل کپور اپنے بھائی بونی کپور سے ناراض

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز بونی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے فلم ‘نو انٹری 2′ میں اپنے بھائی انیل کپور کو کاسٹ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے وہ ناراض ہیں۔

سال 2005 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ‘نو انٹری’ اداکار انیل کپور اور ان کے بڑے بھائی پروڈیوسر بونی کپور کے لیے ایک بڑی کامیابی تھی، فلم میں انیل کپور سمیت دیگر اداکاروں کی کامیڈی کو خوب مقبولیت ملی تھی۔

اس مقبولیت کے باوجود بونی کپور نے فلم کے سیکوئل میں اپنے بھائی انیل کپور کو کاسٹ نہیں کیا اور بھائی کی جگہ اپنے بیٹے ارجن کپور کو کاسٹ کرلیا جس کی وجہ سے دونوں بھائیوں کے درمیان بات چیت ختم ہوگئی ہے۔

بونی کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں اپنے بھائی انیل کپور کو ‘نو انٹری’ کے سیکوئل اور اُس کی کاسٹ کے بارے میں بتانا چاہتا تھا لیکن میرے بتانے سے پہلے ہی وہ مجھ سے ناراض ہوگئے کیونکہ فلم کی کاسٹ سے متعلق خبر لیک ہوچکی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ انیل کپور فلم کی کاسٹ میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن فلم میں اُن کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی کیونکہ اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ جب فلم کے سیکوئل میں بھی پُرانے اسٹارز (فلم کے پہلے حصے کے اداکاروں) کو کاسٹ کیا جائے۔

فلمساز نے کہا کہ ‘نو انٹری 2′ میں ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور ارجن کپور مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ فی الحال! میری ٹیم سیکوئل کے لیے 10 خواتین اداکاروں کو کاسٹ کرنے کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔

اُنہوں نے ان تین اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ورون دھون اور ارجن کپور بہت اچھے دوست ہیں، ان کی کیمسٹری کہانی میں سامنے آسکتی ہے جبکہ دلجیت کی فین فالوونگ بہت زیادہ ہے، اسی لیے میں نے یہ کاسٹنگ کی۔

بونی کپور نے مزید کہا کہ میرا بھائی انیل کپور ابھی تک مجھ سے بات نہیں کررہا ہے، مجھے اُمید ہے کہ جلد ہمارے درمیان اختلافات ختم ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ انیس بزمی کی ہدایتکاری میں بننے والی بلاک بسٹر فلم ‘نو انٹری’ میں سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv