کراچی: بابراعظم کے رواں سیزن میں زیادہ رنز جب کہ فخر زمان کا ریکارڈ بچ گیا۔
پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں ایڈیشن میں بابراعظم 569 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، تاہم ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز کا فخرزمان کا ریکارڈ بچ گیا۔
دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کی ناکامی سے قطع نظر اسٹار بیٹر نے 11 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا، مجموعی طور پر ایونٹ کی تاریخ میں کسی ایک ایڈیشن میں زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں انھیں اس کاوش نے دوسرے نمبر پر بھی پہنچادیا، فخر زمان 2022 میں 588 رنز جوڑ کر سرفہرست ہیں۔
حالیہ ایڈیشن میں انفرادی بیٹنگ میں ملتان سلطانز کے کپتان اور قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی اب تک 11 اننگز میں 381 رنز جوڑ کر دوسری پوزیشن پائی ہے۔ آج اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف فائنل میں ممکنہ طور پر اس میں اضافہ ممکن ہوگا۔
عثمان خان 6 مواقع ملنے پر 373 رنز بناکر تیسرے نمبر پر فائز ہیں، ریسی وان ڈیرڈوسن نے 7 اننگز میں 364 رنز نام درج کرائے ہیں، زلمی کے اوپنر صائم ایوب 11 اننگز میں 345 رنز بناکر ٹاپ فائیو کے شریک بنے ہوئے ہیں۔