پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آصف زرداری 9 مارچ کو دوسری مرتبہ صدر بننے جا رہے ہیں، صدارت کے لیے ہمارے پاس نمبر گیم موجود ہے، پی ٹی آئی کے خاندانی سیاست ختم کرنے کے دعوے جھوٹ نکلے، خیبر پختونخوا کابینہ کی لسٹ دیکھیں تو تمام رشتے داریوں کا پتہ چل جائے گا۔
اسلام آباد میں ندیم افضل چن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ سب قدرت کا عمل ہے تاریخ لکھی جارہی ہے، 9 تاریخ کو صدارتی الیکشن ہونے جارہا ہے، زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے صدر بننے جارہے ہیں، جو نمبر ہمیں چاہیئے اس سے زیادہ ہمارے پاس موجود ہے، آصف زرداری 400 سے زائد ووٹ لیں گے، وہ چارٹر آف اکانومی اور مفاہمت کے لیے کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم خیبر پختونخوا میں گئے، افسوسناک عمل ہے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی ٹائیگر فورس والی سوچ کونہیں بدلا، ان کو احساس ہونا چاہیے کہ وفاق کے بغیر خیبرپختونخوا نہیں چل سکتا، دھمکیوں سے کام نہیں چلتا، صوبے کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے، صوبائی اور مرکزی حکومت کا اکٹھا کام کرنا ہوگا۔
رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل نے ریزرو سیٹوں کیلئےلسٹ جمع ہی نہیں کرائی، ان کو کس حیثیت سے ریزرسیٹیں دے دی جائیں، پی ٹی آئی کو ہمیشہ اپنے ہی لوگوں نےتباہ کیا، پی ٹی آئی کی 5فرنچائزز ہیں ،ایک جیل میں ملاقات کرکے کچھ کہتا ہے دوسرا کچھ اور، یہ سیاسی قیامت کی نشانی ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان اکٹھے بیٹھ گئے ہیں، امید ہے اب پی ٹی آئی ورکرز فضل الرحمان کو کسی دوسرے نام سے نہیں پکاریں گے ۔
فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ ہم صدارتی انتخابات کے لیے فرنٹ گراؤنڈ رابطے کررہے ہیں بیک گراؤنڈ نہیں، ایم کیو ایم سے بھی بات چل رہی ہے، ایم کیو ایم کی اپنی رابطہ کمیٹی تھی فیصلہ ان کا تھا، ایم کیو ایم ن لیگ کے اپنے معاملات ہیں، ہم سندھ میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گورنرز 9 مارچ کے بعد طے ہوں گے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر پیپلز پارٹی ،سندھ اوربلوچستان کے گورنر نون لیگ منتخب کرے گی۔
بھٹو ریفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 44 سال بعد بانی پیپلز پارٹی کو انصاف دیا، انصاف کی تلاش کے لیے ہم نے بار بار عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا ، بنچ کا متفقہ فیصلہ تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں دیا گیا، ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ ابھی آنا ہے۔