ممبئی: معروف بھارتی پنجابی اداکارہ سونم باجوہ سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ اداکارہ نے گزشتہ تین سالوں سے خفیہ شادی کر رکھی ہے۔
سال 2013ء میں پنجابی فلم ’بیسٹ آف لک‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی معروف پنجابی اداکارہ سونم باجوہ سے متعلق بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ نے سال 2020 میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں دہلی کے ایک پائلٹ سے شادی کرلی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونم باجوہ نے رکشیت اگنی ہوتری نامی پائلٹ سے شادی کی اور اُنہوں نے اپنی شادی کو گزشتہ تین سالوں سے خفیہ رکھا ہوا ہے۔
’ریڈ اِٹ، Reddit‘ پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سونم باجوہ نے سال 2020 میں 23 ستمبر کو پائلٹ رکشیت اگنی ہوتری سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی ایک کمپنی بھی ہیں جس میں یہ دونوں پارٹنرز ہیں۔
سونم باجوہ کی خفیہ شادی کی خبر نے اُن کے مداحوں کو حیران و پریشان کردیا ہے، سونم کی خفیہ شادی سے متعلق Reddit کی پوسٹ سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہورہی ہے۔
دوسری جانب سونم باجوہ اور اُن کی ٹیم کی جانب سے ابھی تک خفیہ شادی کی خبر پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ سونم باجوہ کا شمار بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ ناصرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں۔
سونم باجوہ نے پنجابی فلم انڈسٹری کے علاوہ ہندی، تیلگو اور تامل انڈسٹریز میں بھی کام کیا ہے۔