نیویارک : (ویب ڈیسک) برازیل کے سابق صدر جیر بولسونارو نے امریکا میں اپنا قیام بڑھانے کیلئے سیاحتی ویزے کیلئے درخواست دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیر بولسونارو کے وکیل نے بتایا کہ برازیل کے سابق صدر نے چھ ماہ کے امریکی سیاحتی ویزا کے لیے درخواست دی ہے، وہ 30 دسمبر سے فلوریڈا میں مقیم ہیں اور امریکہ میں مزید قیام کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب واشنگٹن ڈی سی میں ڈیموکریٹک اراکین نے بولسونارو کے امریکہ میں قیام کا مسئلہ اٹھایا ہے، جنوری کے شروع میں بھیجے گئے ایک خط میں درجنوں اراکین نے صدر جو بائیڈن سے کہا کہ وہ کسی بھی سفارتی ویزا کو ’’ منسوخ ‘‘ کر دیں جو بولسونارو کے پاس ہو سکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ امریکہ کو کسی ایسے آمر کو پناہ فراہم نہیں کرنی چاہیے جس نے جمہوری اداروں کے خلاف اس طرح کے تشدد کو ہوا دی ہو۔
واضح رہے کہ 8 جنوری کو سابق صدر کے ہزاروں حامیوں نے 2022 کے عام انتخابات میں شکست کے بعد برازیلیا میں وفاقی عمارتوں پر حملہ کیا تھا جس کا الزام ان پر لگا تاہم انہوں نے اس سے انکار کیا۔