تازہ تر ین

پیرو : صدر ڈینا بولارٹے کیخلاف مظاہرے تاحال جاری، اہم ثقافتی مقام بند

لیما : (ویب ڈیسک) پیرو کی حکومت نے ملک کے نئے صدرڈینا بولارٹے کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران سیاحوں اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اپنے مشہور سیاحتی مقام ماچو پچو کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرو میں پرتشدد مظاہرے جن میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اس وقت شروع ہوئے جب پیرو کے سابق رہنما کو معزول کر دیا گیا، مظاہرین کی طرف سے مبینہ طور پر ٹرین کی کچھ پٹریوں کو نقصان پہنچانے کے بعد جمعرات کو ماچو پچو تک ٹرین سروسز بھی معطل کر دی گئی تھیں۔
وزیر سیاحت لوئس فرنینڈو ہیلگیورو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ سیاحتی مقام ماچو پچو پر پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جن میں 148 غیر ملکی اور 270 پیرو باشندے شامل ہیں۔
پیرو کی وزارت ثقافت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے پہلے ہی اس مقام کے لیے ٹکٹ خریدے تھے وہ مظاہروں کے اختتام کے بعد ایک ماہ تک ان کا استعمال کر سکیں گے یا رقم کی واپسی حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ثقافتی مقام ماچو پچو کو دنیا کے سات عجوبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، یہ سیاحوں میں بے حد مقبول ہے جہاں ہر سال تقریباً دس لاکھ لوگ آتے ہیں۔
یاد رہے کہ پیرو میں مظاہرین نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور نئے صدر ڈینا بولارٹے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے بائیں بازو کے سابق صدر پیڈرو کاسٹیلو، جو جیل میں ہیں اور بغاوت اور سازش کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں کو رہا کیا جائے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv