لاہور: (ویب ڈیسک) فیڈرل سروس ٹریبیونل کی طرف جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے قوانین کے برعکس سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو معطل کیا۔
فیڈرل سروس ٹریبیونل نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کیخلاف تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عاصم اکرم اور مشتاق جدون پر ٹریبیونل نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سی سی پی او لاہور کی تبادلے سے متعلق 5 نومبر کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے،وفاقی حکومت نے قوانین کے برعکس سی سی پی او کو معطل کیا، سی سی پی او لاہور کی معطلی سپریم کورٹ کے فیصلوں کے بھی برعکس ہے، سی سی پی او لاہور کی اپیل منظور کی جاتی ہے۔