تازہ تر ین

نیب نے تسلیم کیا ریفرنس میں کرپشن کا کوئی الزام نہیں، احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے تسلیم کیا ریفرنس میں کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ہم نارووال سپورٹس سٹی کو مکمل بھی کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی اور جسٹس جاوید اقبال نے مسلم لیگ(ن) کے خلاف کردار کشی کی جو مہم چلائی تھی، یہ کیس اسی سلسلے میں بنایا گیا تھا اور جس ریفرنس کی پاداش میں مجھے بھی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدیوں کے سیل میں وقت گزارنا پڑا، آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے بینچ نے تقریباً ایک گھنٹے لگاتار چیف جسٹس نے نیب سے درجنوں مرتبہ سوال کیا کہ ہمیں بتائیں کہ اس ریفرنس میں احسن اقبال کے خلاف کرپشن کا کیا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی چیز میں کرپشن کا شائبہ بھی ہے تو وہ بھی بتائیں اور نیب یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہوا کہ اس ریفرنس میں کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج میں پاکستانی قوم کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ شخص جو پچھلے کئی سالوں سے اس قوم میں جھوٹ بول بول کر چور ڈاکو کی فلم چلا رہا ہے اور اس نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جنہیں اس نے قوم کو گمراہ کرنے کے لیے جواز بنایا۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ میں عمران خان کو کہنا چاہتا ہوں کہ آ کر دیکھ لو کہ تمہارے جھوٹے الزاموں کی کیا حقیقت ہے، تم نے ہم پر جو بہتان لگائے، آج یہ اسی کا خمیازہ ہے کہ تم سڑکوں پر ذلیل و خوار ہوتے پھر رہے ہو، آج اسی کا نتیجہ ہے کہ تم ذہنی توازن کھو بیٹھے ہو۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہم نارووال سپورٹس سٹی کو مکمل بھی کریں گے، اس کو پاکستان میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی بہترین اور جدید ترین سہولت بنائیں گے اور اسے مکمل کرنے میں جو اضافی اخراجات لگیں گے، اس کی ریکوری عمران نیازی اور نیب سے کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹ کو سچ نہیں بنا سکا، منصوبے کا نقصان کیا، ہماری کردار کشی کی، ہمارے اہلخانہ اور دوستوں کو اذیت سے گزارا لیکن میں نارووال اور اپنے حلقوں کے عوام کا شکرگزار جنہوں نے اس کردار کشی کو مسترد کیا اور پہلے سے زیادہ یکجہتی کے ساتھ میرے ساتھ کھڑے رہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv