تازہ تر ین

جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے، عمران خان

اٹک: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تھری سٹوجز نے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازش کی، حقیقی آزادی کا وقت آگیا، ڈرے ہوئے لوگ کبھی آزاد نہیں ہوتے، زندگی موت اوررزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک یہ الیکشن کا اعلان نہیں کریں گے، ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، تحریک انصاف نہیں ساری قوم کواسلام آباد کی دعوت دیتا ہوں۔
اٹک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اور تیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان یا کسی ملک کے سامنے سجدہ نہیں کرتے، ہم آزاد قوم ہیں، ہمارا کلمہ ہمیں آزادی دیتا ہے، یہ ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے، دلیرنوجوانوں کی میرے ساتھ شرکت سب سے بڑی ذمہ داری ہے، خواتین کو کہتا ہوں آپ سب نے حقیقی آزادی کی جنگ میں شرکت کرنی ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، فیصلہ ہونے جارہا ہے کیا ہم ایک آزاد یا امریکیوں کے غلاموں کی غلامی کریں گے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، فیصلہ کیا ہے جب تک اللہ نے زندہ رکھا چوروں، ڈاکوؤں کو کبھی قبول نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک کے غیوراوردلیرنوجوانوں سب تیاری کرو، ہم نے اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہے، میری والدہ نے کہا تم خوش قسمت ہو آزاد ملک میں پیدا ہوئے، لاکھوں لوگ انگریزکی جنگوں میں مرے، ایک غلامی قبضہ کر کے ہوتی ہے، پرویزمشرف نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، دوسری غلامی فتح کیے بغیرغلام بنالیتے ہیں۔ امریکا نے مشرف کو کہا جنگ میں شامل ہو جاؤ ورنہ بم مار دیں گے، اس وقت کے حاکم نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، میں نے ہمیشہ کہا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا نہ عوام کوجھکنے دوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے تھری سٹوجزہیں، ملک کی سب سے بڑی بیماری زرداری اور دو بھائی 30 سال سے ملک لوٹ رہے ہیں، بڑا بھائی باہر بیٹھ کر فوج کو برا بھلا اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، تیسرا تیس سال سے اسلام کوبیچ رہا ہے۔اقتدارملا توسمجھ رہا تھا یہ تعلیم کی وزارت سنبھالے گا، مولانا فضل الرحمان نے تعلیم کی وزارت کے بجائے این ایچ اے کی وزارت لی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مل کر تھری سٹوجزنے یہاں سازش کی، ڈونلڈ لونے پاکستان کے سفیر کو دھمکی دی، ڈونلڈ لُو نے کہا اگرعمران خان کو ہٹادیا تو معاف کر دیں گے، ڈونلڈ لو کو پتا تھا چیری بلاسم آ کر خدمت کرے گا، انہوں نے پلان کیا اورحکومت گرادی، کونسا اتنا بڑا مسئلہ تھا سب نے ملکر حکومت گرائی، دیوالیہ معیشت کو ہم نے سنبھال لیا تھا، انہی لوگوں نے ادارے تباہ اور ملک لوٹا، اقتدارسنبھالا تو 20 ارب خسارہ ورثے میں ملا، ہماری حکومت نے آہستہ آہستہ انڈسٹری کو ٹھیک کیا، گروتھ میں اضافہ اور ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جب پاکستان ترقی کررہا تھا تب سازش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جب سازش کا پتا چلا توجولوگ سازش روک سکتے تھے ان کو بتایا، میں نے اور شوکت ترین نے بھی بتایا لیکن افسوس کچھ نہ کر سکے، آج پاکستان کا روپیہ تیزی سے گررہا ہے، دوماہ کے دوران فارن رزور تیزی سے گر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت نیچے جارہی ہے؟ کون ذمہ دارہے۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز ضمانت پر ہیں، آپ نے اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے میرے ساتھ نکلنا ہے، 24 ارب روپے کے شہبازشریف کے خلاف کیسزہیں، ایف آئی اے نے اس پر کیسز بنائے اب ختم کیے جا رہے ہیں، یہ قیامت کی نشانی ہے، آصف زرداری نیب کی اصلاحات کرے گا؟ جنہوں نے ملک لوٹا وہ اپنے کیسز خود ختم کر رہے ہیں، وزیرداخلہ نے 18 قتل کیے ہیں، لندن میں نوازشریف سزایافتہ کو ملنے گئے، نوازشریف بھگوڑا اور اس کی سزایافتہ بیٹی کو وزیراعظم کا پروٹوکول دیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ نے کہا تھا قوم تب تباہ ہوتی جب بڑے ڈاکوؤں کونہیں پکڑا جاتا، ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ڈاکٹررضوان کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے افسر اس مافیازسے ڈرتے ہیں، ڈاکٹررضوان نے حمزہ شہبازسے 16ارب کا سوال پوچھا تو انہوں نے دھمکی دی، انہوں نے ایان علی کے کسٹم آفیسر کو مروا دیا، شہنشاہ اورجسٹس سجاد کو زرداری نے مروا دیا تھا، اگر یہ لوگ کامیاب ہو گئے توملک تباہی کی طرف جائے گا۔ بڑے چوروں کونہ پکڑنا تباہی کا راستہ ہے، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا توسب نے نکلنا ہے، آپ لوگوں کوکسی چیزکا خوف نہیں ہونا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ نے پہلے مدینہ کے لوگوں کے خوف کی زنجیریں ختم کی تھیں، ڈرے ہوئے لوگ کبھی آزاد نہیں ہوتے، زندگی موت اوررزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک یہ الیکشن کا اعلان نہیں کریں گے، ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، تحریک انصاف نہیں، ساری قوم کواسلام آباد کی دعوت دیتا ہوں، فوجی اپنی فیملیز کو بھیجیں یہ میری نہیں پاکستان کی جنگ ہے، باہرکی غلامی اورچوروں سے ہم نے آزاد ہونا ہے، اسلام آباد کے لیے ہرشہری نے نکلنا ہے، میں جیل جانے اورجان کی قربانی دینے کوتیارہوں، کسی صورت امریکا کے غلام چوروں کو نہیں مانوں گا، میجر صادق، زلفی بخاری سمیت سب کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میری آپ سے اب اسلام آباد میں ملاقات ہوگی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv